ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کی میڈیکل سٹوروں اور میڈیکل کلینکس کے خلاف کارروائی، 18کیسزڈرگ کورٹ ریفر،11کو وارننگ


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ نے میڈیکل سٹوروں اور ان کوالیفائیڈ افراد کی طرف سے چلائے جانے والے میڈیکل کلینکس کے خلاف محکمانہ کارروائی کے37کیسز میں قصورواروں کا موقف سنا۔ بورڈ نے مستند جواز پیش نہ کرنے پر18کیسز کو ڈرگ کورٹ ریفر کرنے، 11کو وارننگ دینے کے علاوہ 8کیسز کوریکارڈ مکمل نہ کرنے پر موخر کردیا گیا۔
ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹرز)قیصر جاویدکی زیرصدارت ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفند یار،سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈروبینہ اختر،ممبران کیپٹن(ر) ڈاکٹرصدیق،غلام صابراورڈرگ انسپکٹرز موجود تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرہیڈ کوارٹرزنے کہا کہ ضلع فیصل آباد میں جعلی وغیر معیاری ادویات کی فروخت کے گھناؤنے دھندے کے قلع قمع کے لئے ڈرگ انسپکٹرزاپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں اورعلاج کے نام پر انسانی صحت سے کھیلنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے۔ اجلاس میں سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ نے کیسز کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔



