تقریبات/سیمینارز

اپنی خوبیوں کو پہچانیں، دوسروں کے بارے میں مثبت رہیں اور مثبت سوچیں، راؤ اقبال

”خودشناسی سے کس طرح خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے؟” کے عنوان پر گورنمنٹ کمپری ہینسو سکول میں آگاہی سیشن کا انعقاد

فیصل آباد (94 نیوز) ”خودشناسی سے کس طرح خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے؟” کے عنوان پر گورنمنٹ کمپری ہینسو گرلز ہائر سیکنڈری سکول مدینہ ٹاؤن میں طالبات کیلئے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس کا اہتمام ہوم ٹاؤن کمیونٹی فاؤنڈیشن کی جانب سے کیا گیا۔

تقریب کی صدارت پرنسپل گورنمنٹ کمپری ہینسو گرلز ہائر سیکنڈری سکول قمر سلطانہ نے کی جبکہ مہمان خصوصی ہوم ٹاؤن کمیونٹی فاؤنڈیشن پنجاب کے کوآرڈینیٹر و سابق پرنسپل گورنمنٹ ایم سی ہائر سیکنڈری سکول کوتوالی روڈفیصل آباد راؤ محمد اقبال تھے۔

شرکاء سے خطاب میں مہمان مقرر راؤ محمد اقبال نے کہا کہ جو شخص اپنے مسائل ڈسکس نہیں کرتا وہ ڈپریشن کا شکار ہوکر خود کشی کی طرف چلا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے کسی انسان کو بلا وجہ پیدا نہیں کیااسلئے اپنی خوبیوں کو پہچانیں تاکہ مسائل کم اور ان مسائل کا حل ہو۔ تاکہ معاشرہ بہتر ہو، دوسروں کے بارے میں مثبت رہیں اور مثبت سوچیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہم دین سے دور ہوں گے تو نفسیاتی مسائل بڑھیں گے،دین کی طرف آئیں گے تو انشااللہ آپ کی زندگی خوشگوار ہو جائیگی اور بالآخر معاشرہ بہتر ہوتا چلا جائے گا۔ فیصل آباد کی معروف ماہر نفسیات حفصہ احسن نے کہا کہ ہم اپنے بارے میں بہت کم جانتے ہیں جب ہمیں اپنے آپ سے آگاہی ہوتی ہے تو ہمارے اندر اعتماد پیدا ہوتا ہے، جب بھی کسی دوسرے سے پوچھیں کہ اپنا تعارف بیان کریں تو وہ اپنا نام اور تعلیم بتانے کے بعد سکول کالج خاندان اور معاشرے کے بارے میں بتانا شروع کر دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنی طاقت، کمزوری اور اپنے جذبات کا پتہ ہونا سیلف اویئرنیس ہے،اس سے اپنی ویلیو، اپنی حدود،اپنے رویے کاپتہ چلتا ہے مگر ہم اس میں بہت پیچھے اور انڈر کانفیڈنٹ ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ کو اپنی خصوصیات کا پتہ ہونا چاہیے جو ہمیں سوشل رول دیتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ماں ٹیچر، بیٹی، بہن، سٹوڈنٹس سب کا پتہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنی اور ایک دوسرے کی اچھائیوں اور کمزوریوں کا پتہ ہونا چاہیے تاکہ مسائل حل کئے جا سکیں، ہمیں ترجیحات کا پتہ ہونا چاہیے مگر افسوس ایسا نہیں ہوتا،ہمارے پاس اپنے اور خود سے متعلقہ معاملات بارے معلومات ہونی چاہئیں کیونکہ اپنے بارے میں آگاہی ایک شیشے کی طرح ہوتی ہے جس کے بغیرہم اپنے ارد گرد کو بہتر نہیں کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر یہ سب نہیں ہوگا تواس سے پہلے کہ لوگ آپ کو بتائیں کہ آپ میں یہ کمی ہے آپ کو خود اپنی خوبیوں اور خامیوں کا پتہ ہونا چاہیے تاکہ معاشرے میں آپ بہتر کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ خود اعتمادی ایک ایسا لیمپ ہے جو ان تمام راستوں کو روشنی دیتا ہے جن پر چل کر آپ کے اندر فیصلہ کرنے کی طاقت پیدا ہوتی ہے۔ ڈاکٹر حفصہ احسن نے کہاکہ جب ہم اپنے ٹرگرز کو جان سکیں تو تب ہی یہ ممکن ہو سکے گا جبکہ دوسروں کے ساتھ تعلقات تب اچھے ہوتے ہیں جب آپ کا اپنے ساتھ تعلق اچھا ہوگا یعنی اپنی خوبیاں خامیاں اور جذبات کا پتہ ہونا چاہیے۔ ڈاکٹر حفصہ احسن نے کہا کہ کمزوریاں اور طاقت و برداشت کیا ہوتی ہے اس کا بھی آپ کو اسی وقت پتہ چل سکتا ہے جب آپ خود اعتماد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صرف اللہ کی ذات متکبر ہے باقی ہم سب کمی اور طاقت کا امتزاج ہیں مگر ہمیں اپنی کمیوں پر کام کر کے انہیں بہتر کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ اپنی ویلیوز، اہمیت اور ترجیحات کو پہچانیں مگر جب ہم دباؤ میں ہوتے ہیں تو اپنی ویلیو اور اہمیت کو بھول جاتے ہیں اسلئے اپنے جذباتی پن پر کنٹرول ضروری ہے ورنہ ہم معاشرے میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ جذباتی پن کو دوراورحسدسے بچاؤ بہت سی مشکلات سے بچا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی ڈائری مرتب کریں اور اپنی کمزوریاں، اپنی طاقت اور اچھائیاں اس میں لکھیں تاکہ اپنا تجزیہ کرکے اس میں بہتری لائی جاسکے۔پرنسپل کمپری ہینسوگرلزہائر سیکنڈری سکول قمر سلطانہ نے کہاکہ اپنا احتساب اور تجزیہ کر کے سویا کریں، اساتذہ اور بڑوں کا احترام کریں۔ انہوں نے کہاکہ میں آپ کی ماں کی طرح یہاں بیٹھی ہوں اسلئے اپنے مسائل کیلئے میرے پاس آئیں، ہمیشہ مثبت سوچیں اور اچھے کام کریں، برے کاموں سے اجتناب کریں، زندگی میں آگے بڑھنے اور کامیاب ہونے کیلئے محنت اور ایمانداری کا سہارا لیں، منفی رجحانات اور منفی باتوں سے اجتناب کریں، اپنی خوبیوں اور خامیوں پر غور کریں، اپنے آپ کو پہچانیں اور اپنے ٹیلنٹ کا بہترین استعمال کریں۔ آگاہی سیشن میں ایم سلیم بلندیہ صدرہوم ٹاؤن کمیونٹی فاؤنڈیشن، محمد اطہر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہوم ٹاؤن کمیونٹی فاؤنڈیشن،ماہرین نفسیات شمع جواد،اقراء جبیں اور آمنہ قادر نے بھی خصوصی شرکت کی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button