بارش نے واسا کا پول کھول دیا، جڑانوالہ روڈ پانی میں ڈوب گیا، اکثر علاقے زیر آب آگئے


فیصل آباد (میاں ندیم سے) فیصل آباد میں بارش نے واسا کا پول کھول دیا، جڑانوالہ روڈ پانی میں ڈوب گیا، اکثر علاقے زیر آب آگئے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں بارش نے واسا کی جانب سے کئے گئے انتظامات پر پانی پھیر دیا اکثر علاقوں میں بارش کے پانی میں موٹر سائیکلیں، گاڑیاں بند ہوگئیں، کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی پانی نہ نکالا جا سکا، نشیبی علاقوں میں لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔جڑانوالہ روڈ پر پانی نے اپنا کام دکھا دیا، کئی دکانوں اور گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔ ڈھڈی والا سے لے کر تھانہ صدر تک کا علاقہ پانی میں ڈوب گیا۔ واسا ذرائع کے مطابق شہر بھر میں سب سے زیادہ بارش غلام محمد آبادمیں 87 ملی میٹر اور مدینہ ٹاؤن میں 86 ملی میٹر ہوئی۔ڈوگر بستی87، گلستان کالونی76جبکہ علامہ اقبال کالونی میں 71 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔



