National
FDA approves New Pakistan Housing Program plan


Faisalabad (94 news) حکومت پنجاب کے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سیل نے ایف ڈی اے کے زیر اہتمام نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت تجویز کردہ منصوبے کی ابتدائی منظوری دے دی ہے جس کے مطابق ایف ڈی اے سٹی میں 523کنال اراضی پر تین اور پانچ مرلہ کے مجموعی طور پر ڈیڑھ ہزار گھر تعمیر کرنے کی منصوبہ سازی کی گئی ہے جس پر پانچ ارب روپے کی لاگت کا تخمینہ ہے۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد سہیل خواجہ نے ایک اجلاس کے دوران بتائی جس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔
اجلاس میں ایڈ یشنل ڈائریکٹر جنرل عامر عزیز، چیف انجینئر شاہد محمود، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ حسن ظہیر اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل نے بتایاکہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت گھروں کی تعمیر کامجوزہ منصوبہ بڑی اہمیت و افادیت کا حامل ہے جس پر ایف ڈی اے سٹی میں دستیاب جگہ پر عملدرآمد کرنے کی تجویز ہے۔ انہوں نے بتایاکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سیل کے منعقدہ اجلاس کے دوران نجی شعبہ کے تعاون سے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام پر عملدرآمد کاجائزہ لیا گیااور ایف ڈی اے کی تجویز پر اتفاق کرتے ہوئے فزیبلٹی اور ٹرانزیشن کنسلٹینسی کیلئے ابتدائی طور پر اڑھائی کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی ہے جبکہ اسی نوعیت کے منصوبے پنجاب کے دیگر ترقیاتی اداروں کو شروع کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت اس منصوبے کیلئے فنانسنگ، مارگیج کی شرائط ودیگر قواعد وضوابط پر حکومت کی طے شدہ پالیسی کے مطابق عملدرآمدکیاجائیگا۔ اجلاس کے دوران اس منصوبے کی پیش رفت کیلئے دیگر امور کابھی جائزہ لیاگیا اور ڈائریکٹر جنرل نے متعلقہ افسران کوہدایت کی اس ضمن میں تمام منصوبہ سازی کو جامع اور شفاف رکھاجائے۔