اٹامک انرجی کینسر ہسپتال (پینم) میں بریسٹ کینسر آگاہی واک اور لیکچر کا انعقاد


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) )پینم کینسر ہسپتال میں بریسٹ کینسر سے آگاہی اور اس مرض کی بروقت تشخیص و علاج کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہسپتال کے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر طبی عملے،عوام کی کثیر تعداد اور کینسر سے صحت یاب مریضوں اور ان کے لواحقین نے بھرپور شرکت کی۔
واک کی قیادت ڈائریکٹر پینم کینسر ہسپتال ڈاکٹر حافظ خوش نصیب احمدلغاری اور ریجنل ڈایکٹر(سی پی ایس پی) کنسلٹنٹ ڈاکٹر اصغر بٹ نے کی، ڈاکٹر اعجازخان ہیڈآف آنکالوجی، ڈاکٹرسائرہ ظفر، ڈاکٹر نعیم کنسلٹنٹ سرجن، ڈاکٹر رابعہ تنویر، سمیت دیگر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈاکٹر سائرہ ظفر اور مدینہ ٹیچنگ ہسپتال سے پروفیسر ڈاکٹر سائرہ سلیم نے بریسٹ کینسر کے حوالے سے خصوصی معلوماتی لیکچرز دیے۔ انہوں نے شرکاء کو بریسٹ کینسر کی علامات، بروقت تشخیص، احتیاطی تدابیر اور علاج کے جدید طریقوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص سے علاج کے امکانات میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے، اس لیے خواتین کو اپنی صحت کے حوالے سے شعور اور باقاعدہ طبی معائنہ کو معمول بنانا چاہیے۔لیکچر کے اختتام پر شرکاء نے ماہرین سے بریسٹ کینسر سے متعلق مختلف سوالات کیے، جن کے ڈاکٹر صاحبان نے تفصیلی جوابات دیے۔ آگاہی واک کا مقصد معاشرے میں بریسٹ کینسر کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور خواتین کو بروقت تشخیص و علاج کی اہمیت سے آگاہ کرنا تھا۔



