قومی

انٹر ڈسٹرکٹ ریسکیو چیلنج کا انعقاد، فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع کی ریسکیو ٹیموں کی بھرپور شرکت

فیصل آباد (94 نیوز ڈسٹرکٹ رپورٹر) فیصل آباد میں انٹر ڈسٹرکٹ ریسکیو چیلنج کا انعقاد کیا گیا، جس میں فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، چنیوٹ، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ریسکیو ٹیموں نے بھرپور حصہ لیا۔ چیلنج میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسران کی قیادت میں ریسکیورز نے مختلف ریسکیو شعبہ جات میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی فٹنس اور بروقت فیصلہ سازی کی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر فیصل آباد انجینیئر احتشام واہلہ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ انجینیئر فرحان مرزا، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جھنگ انجینیئر سلطان محمود اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چنیوٹ انجینیئر محمد عمران بھٹہ نے اپنی اپنی ٹیموں کے ہمراہ چیلنج میں شرکت کی۔

ریسکیو چیلنج کے دوران فائر فائٹنگ، ہائیٹ ریسکیو، ٹراما مینجمنٹ، ڈیپ ویل ریسکیو اور واٹر ریسکیو سمیت مختلف ایمرجنسی ریسکیو سرگرمیوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ ریسکیورز نے مشکل اور ہنگامی صورتحال میں متاثرین کو محفوظ طریقے سے ریسکیو کرنے، ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے اور پیشہ ورانہ طریقہ کار کے مطابق کارروائی مکمل کرنے کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

انٹرا ڈسٹرکٹ ریسکیو چیلنج کا بنیادی مقصد ریسکیورز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید نکھارنا، جسمانی و ذہنی فٹنس کو برقرار رکھنا، ٹیم ورک کو فروغ دینا اور ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر رسپانس کی صلاحیت کو بہتر بنانا ہے۔ ایسے مقابلہ جات ریسکیورز کو مشکل ترین حالات میں بھی چست، چوکس اور پیشہ ورانہ طور پر تیار رہنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر فیصل آباد انجینیئر احتشام واہلہ نے کہا کہ ریسکیو چیلنجز کا انعقاد ریسکیورز کی مہارتوں کو جانچنے اور انہیں مزید بہتر بنانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ فیصل آباد ڈویژن سے چیلنج میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریسکیورز کی ٹیم لاہور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں منعقد ہونے والے نیشنل ریسکیو چیلنج میں فیصل آباد ڈویژن کی نمائندگی کرے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button