بین الاقوامی

کرونا وائرس 44 ممالک میں پہنچ گیا، ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے اعداد و شمار جاری کردئیے

جنیوا (94 نیوز) ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈ روز کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 روز کے دوران کووِڈ 19 کے بیرونی دنیا سے آنے والے کیسز کی تعداد چین سے آنے والے کیسز سے بڑھ گئی ہے جو انتہائی پریشان کن ہے۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈ روز نے کرونا وائرس (کووِڈ 19) کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چین میں 78 ہزار 630 لوگوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 747 ہوگئی ہے۔ چین سے باہر کرونا وائرس 44 ممالک میں پھیل چکا ہے جہاں 3 ہزار 474 لوگوں میں کووِڈ 19 کی تصدیق ہوئی ہے اور اس کے باعث 54 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2 روز کے دوران باقی دنیا سے کووِڈ 19 کے کیسز کی تعداد چین کے نئے کیسز سے بڑھ گئی ہے جو ہمارے لیے انتہائی پریشان کن ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 ممالک برازیل، جارجیا، یونان، شمالی میسیڈونیا، ناروے، پاکستان اور رومانیہ میں پہلی بار کووِڈ 19 کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ڈاکٹر ٹیڈ روز کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور جمہوریہ کوریا (جنوبی کوریا) میں کووِڈ 19 کے پھیلاﺅ نے ثابت کردیا ہے کہ یہ کتنا خطرناک ہے، حکومتوں کے پاس موقع ہے کہ وہ سخت ترین اقدامات اٹھا کر اس پر قابو پاسکتے ہیں۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران بیلجیئم، کمبوڈیا، انڈیا، نیپال ، فلپائن، روس، سری لنکا اور ویت نام میں کووِڈ 19 کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ سخت اقدامات کے ذریعے اس کے پھیلاﺅ کو روکا جاسکتا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button