السید ویلفیئر سوسائٹی فیصل آباد کی حلف برداری تقریب پریس کلب میں منعقد، الحاج نصیر یوسف وہرہ نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا، فلاحی خدمات کے فروغ کا عزم


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) السید ویلفیئر سوسائٹی فیصل آباد کی حلف برداری تقریب فیصل آباد پریس کلب میں منعقد ہوئی، جس میں صدر مرکزی کلاتھ بورڈ و اتحاد پاکستان الحاج نصیر یوسف وہرہ نے نومنتخب عہدیداران اور مجلسِ عاملہ کے اراکین سے حلف لیا۔ تقریب میں نقابت کے فرائض سینئر صحافی و سابق سیکرٹری فیصل آباد پریس کلب علی اشفاق ہاشمی نے انجام دیے۔ تقریب میں چیئرمین الیکشن کمیٹی میاں بشیر اعجاز، ایگزیکٹو ممبران پریس کلب ارشد انصاری، رانا حنا جمیل، سید حنان بخاری، پی آر او 1122 فیصل آباد، ایمرجنسی آفیسر عثمان، انفارمیشن سیکرٹری فیصل آباد پریس کلب افشاں بتول، سینئر صحافی جاوید صدیقی اور ارشاد پرکاش سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری سید سجاد حسین نے اپنے خطاب میں تنظیم کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ السید ویلفیئر سوسائٹی کے قیام کا بنیادی مقصد دکھی انسانیت کی خدمت، مستحق اور ضرورت مند افراد کی مدد، تعلیم و صحت کے شعبوں میں فلاحی سرگرمیوں کا فروغ، معاشرتی مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرنا اور باہمی اتحاد و بھائی چارے کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کو ایک فعال فلاحی پلیٹ فارم بناتے ہوئے اجتماعی کوششوں کے ذریعے عوامی خدمت کے منصوبوں کو عملی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے نومنتخب عہدیداران پر زور دیا کہ وہ عہدوں کو ذمہ داری سمجھتے ہوئے اخلاص، دیانت داری اور جذبہ خدمت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔فنانس سیکرٹری سید محمد اقبال کاظمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کسی بھی فلاحی تنظیم کی کامیابی کے لیے شفاف مالیاتی نظام، اعتماد اور باہمی تعاون بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ سوسائٹی کے مالی معاملات میں مکمل شفافیت برقرار رکھی جائے گی اور عطیات و وسائل کو فلاحی مقاصد کے لیے ذمہ داری کے ساتھ استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ دکھی انسانیت کی خدمت کے اس مشن میں سوسائٹی کا ساتھ دیں-سیکرٹری اطلاعات سید محمد شفیق حسین شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ تنظیم کی فلاحی سرگرمیوں اور عوامی خدمت کے منصوبوں کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا تاکہ معاشرے کے مختلف طبقات کو سوسائٹی کے مقاصد سے آگاہی حاصل ہو اور زیادہ سے زیادہ افراد خدمت کے اس کارواں کا حصہ بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے تعاون سے فلاحی سرگرمیوں کو عوام تک پہنچانے اور مستحق افراد کی آواز متعلقہ حلقوں تک پہنچانے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔حلف اٹھانے والے عہدیداران میں صدر سید صغیر حسین کاظمی، نائب صدر سید عابد حسین، جنرل سیکرٹری سید سجاد حسین، جوائنٹ سیکرٹری سید محمد رضوان، فنانس سیکرٹری سید محمد اقبال کاظمی، سیکرٹری اطلاعات سید محمد شفیق حسین شاہ، میڈیا ایڈوائزر سید محمد ندیم اور ممبر خارجہ امور سید احسن رضا شامل ہیں، جبکہ مجلسِ عاملہ کے اراکین میں سید محمد شہزاد، سید شفقت حسین، سید شہزادہ اویس کاظمی، سید احسان الحق مون، سید ناصر حسین، سید عبدالرحمٰن شاہ، سید محمد اشرف گیلانی، سید تصویر حسین، سید علی عدنان بخاری اور سید علی حیدر بخاری نے بھی حلف اٹھایا-تقریب کے اختتام پر صدر السید ویلفیئر سوسائٹی سید صغیر حسین کاظمی نے شرکاء کی آمد اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تقریب کے کامیاب اور باوقار انعقاد پر میڈیا کوآرڈینیٹر سید ندیم شاہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ سوسائٹی آئندہ بھی فلاحی سرگرمیوں کے ذریعے معاشرے میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتی رہے گی۔



