قومی

کرسمس کی تقریبات کو پرامن بنانے کیلئے فول پروف انتظامات کئے ہیں، ڈپٹی کمشنر محمد علی

فیصل آباد(94 نیوز) فیصل آباد میں کرسمس کی تقریبات کے پرامن اور خوشگوار ماحول میں انعقاد کے لئے بھر پور انداز میں حفاظتی و انتظامی اقدامات کئے گئے ہیں تاہم ان انتظامات کی کامیابی اور بین المذاہب ہم آہنگی کی شاندار فضاء کو برقرار رکھنے کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور مذہبی رہنمائوں کا تعاون ناگزیر ہے۔ یہ بات ڈپٹی کمشنرمحمد علی نے ضلعی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خرم پرویز، ڈسٹرکٹ مینجر اوقاف شہباز حسین کے علاوہ مولانا محمد یوسف انور،صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،مولانا محمد ریاض کھرل، سید تجمل حسین زیدی،فادر ایمرک جوزف،منیر نیازی،ڈاکٹر ابوبکراور کمیٹی کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے ضلعی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے ارکان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ضلع میں امن عامہ اور مذہبی ہم آہنگی کی مثالی فضاء کو برقرار رکھنے کے سلسلے میں کمیٹی کے ارکان کی بھر پور معاونت کو سراہا اور کہا کہ باہمی اتحاد و اتفاق اور بھائی چارہ پائیدار امن کی ضمانت ہے جس کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور ان کے پیروکاروں کا جذبہ امن لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی،بین المذاہب اتحاد و اتفاق وقت کا اہم ترین تقاضا ہے جس کے لئے علماء کرام کا کردار مسلمہ حقیقت ہے جن کے تعاون،تجاویز اور رہنمائی سے کرسمس کے موقع پر بھی امن و امان کی شاندار روایات کو قائم رکھیں گے۔انہوں نے کمیٹی کے ارکان کو کرسمس کے حوالے سے کئے جانے والے ضروری انتظامات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ ضلع میں 8 کرسمس خصوصی بازارآج 22 دسمبر سے 24 دسمبر تک فنکشنل رہیں گے۔انہوں نے اپیل کی کہ کورونا ایس او پیز پر ذمہ داری سے عمل پیرا رہا جائے کیونکہ کورونا کی دوسری موجودہ لہر خطرناک ہے جس میں احتیاطی تدابیر لازم ہیں۔انہوں نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی پولیس کی طرف سے کرسمس کے موقع پر فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی جبکہ گرجا گھروں میں اونچی اور محفوظ جگہوں پر سیکورٹی اہلکار بھی ڈیوٹی انجام دیں گے۔صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،مولانا محمد یوسف انوراور دیگر علماء کرام نے کہا کہ پائیدار امن،مذہبی رواداری اور پیار و محبت کے فروغ کے لئے تمام مسالک کے علماء کرام اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔انہوں نیکہا کہ اسلام اور آئین کے مطابق پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور کرسمس کے موقع پر سابقہ روایات کے مطابق کرسچین کمیونٹی کی خوشیوں میں شرکت کریں گے۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ و پولیس کی طرف سے کرسمس کے مذہبی تہوار کے حوالے سے قبل از وقت میٹنگ کے انعقاد اور ضروری انتظامات مکمل کرنے کے اقدام کو سراہا۔فادر ایمرک جوزف نے ضلعی انتظامیہ وپولیس اور علماء کرام کا شکریہ ادا کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button