قومی

آرٹس کونسل ادبی بیٹھک کی تزئین و بحالی کے لئے بھر پور تعاون کیا جائے گا، محمد آصف چوہدری

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد سے منسلک ادبی بیٹھک کی تزئین و بحالی کے اقدامات میں بھر پور تعاون فراہم کیا جائے گا، اس مقصد کے لیے مخیر کاروباری و ادبی حلقوں سمیت کمیونٹی کو متحرک کریں گے کیونکہ علم و ادب کے فروغ، تخلیقی صلاحیتوں کی آبیاری اور اہلِ قلم کو مثبت، پُرسکون اور سازگار ماحول فراہم کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے یہ بات نصرت فتح علی خان آڈیٹوریم کے دورے کے دوران ادبی بیٹھک کی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد مقبول احمد ملک، معروف شاعر و دانشور پروفیسر ڈاکٹر جلال عارف، ڈاکٹر جعفر حسن مبارک سمیت دیگر ممتاز علمی، ادبی اور ثقافتی شخصیات بھی موجود تھیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ادبی بیٹھک کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی معائنہ کیا اور عمارت کی تزئین و آرائش، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ادبی بیٹھک کو مکمل طور پر ایئر کنڈیشنڈ بنانے، معیاری و آرام دہ فرنیچر، جدید لائٹنگ، مؤثر ساؤنڈ سسٹم، خوبصورت اندرونی آرائش اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے ادب دوست مخیر کاروباری شخصیات اور سماجی حلقوں کے تعاون حاصل کریں گے تاکہ اسے اہلِ علم و ادب کے لیے ایک مثالی ادبی مرکز بنایا جا سکے۔ محمد آصف چوہدری نے کہا کہ شعراء، ادباء، محققین، دانشوروں اور تخلیق کاروں کی سرپرستی ایک مہذب اور باشعور معاشرے کی بنیادی ذمہ داری ہے اس مقصد کے لئے ادبی بیٹھک کو ایک ایسا فعال اور متحرک پلیٹ فارم بنایا جائے گا جہاں باقاعدگی سے ادبی نشستیں، مشاعرے، فکری مکالمے، تحقیقی مباحث، کتابوں کی رونمائی، نوجوان قلم کاروں کی تربیتی ورکشاپس اور ثقافتی تقریبات کا انعقاد ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق علمی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے کام کر رہے ہیں، جبکہ ایف ڈی اے بھی اپنی سماجی ذمہ داری کے تحت شہر میں مثبت علمی و ثقافتی سرگرمیوں کی سرپرستی اور ترویج کے لیے بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادبی بیٹھک کی بحالی کے بعد اسے اہلِ قلم، محققین، طلبہ اور ادب دوست حلقوں کے لیے ایک باوقار، فعال اور پُرکشش مرکز کی حیثیت دی جائے گی، جہاں نئی نسل کو مطالعہ، تحقیق، ادب اور مثبت فکری روایات سے جوڑنے کے بھرپور مواقع میسر آئیں گے۔ اس موقع پر موجود ممتاز ادبی شخصیات نے ادبی بیٹھک کی بحالی، جدید سہولیات کی فراہمی اور اس کے فعال کردار کی بحالی کے لیے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی خصوصی دلچسپی اور تعاون کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اس اقدام سے فیصل آباد میں ادبی، علمی اور ثقافتی سرگرمیوں کو نئی جہت اور مزید فروغ ملے گا۔ ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل فیصل آباد مقبول احمد ملک نے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب آرٹس کونسل فنونِ لطیفہ، علم و ادب اور ثقافتی ورثے کے فروغ کے لیے جامع اور مؤثر پروگرام پر عمل پیرا ہے، جبکہ ادبی بیٹھک کی بحالی اس سلسلے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button