ڈپٹی کمشنر کا موسلا دھار بارش کے دوران شہر بھر کا دورہ


فیصل آباد(94 نیوز) ڈپٹی کمشنر فیصل آباد عبداللہ نیئرشیخ نے موسلا دھار بارش کے دوران شہر بھر کا دورہ کیا۔ وہ سمندری روڈ،سوساں روڈ،عید گاہ روڈ،سول لائینز ودیگر علاقوں میں گئے اور واسا کے ایمرجنسی فلڈریلیف کیمپس کے فعال ہونے کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کیمپس پرسٹاف کی موجودگی،حفاظتی آلات،مشینری کی ورکنگ حالت کو چیک کیا۔ انہوں نے کہا کہ بارشی پانی کے نکاس کو یقینی بنانے کے لئے ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہیں۔ڈپٹی کمشنر نے بارش کے دوران اسسٹنٹ کمشنرز،واسا سمیت میونسپل کمیٹیز کو بھی فیلڈ میں متحرک رکھا۔انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کے تیز رفتار نکاس کیلئے واسا کی ہر ممکن معاونت کی جارہی ہے جبکہ مشینری متعلقہ تمام نشیبی ایریاز میں متعین ہے۔انہوں نے کہا کہ سیورلائینز کی بحالی کے لئے ٹیمیں متحرک ہیں۔انہوں نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور پی ایچ اے کو بھی فیلڈ میں موجود رہنے کی تاکیدکی۔ڈپٹی کمشنر نے انڈرپاسز کا بھی دورہ کیا اور پانی کی تیز رفتار نکاسی کے لئے موقع پر موجود رہ کر انتظامات چیک کئے۔



