قومی

مویشی منڈی خانوآنہ میں خواتین کیلئے 16 علیحدہ شیڈز قائم کر دیے گئے ہیں، اسسٹنٹ کمشنر

فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن اور حکومتِ پنجاب کی خواتین کو بااختیار بنانے کی پالیسی کے تحت، مویشی منڈی خانوآنہ میں خواتین کی سہولت اور شرکت کو مدنظر رکھتے ہوئے 16 علیحدہ شیڈز قائم کر دیے گئے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر انڈر ٹریننگ ڈاکٹر زرغنہ خالد کی نگرانی میں یہ انتظامات مکمل کیے گئے، جن کا مقصد خواتین خریداروں کو محفوظ، باوقار اور آسان ماحول فراہم کرنا ہے۔ڈاکٹر زرغنہ خالد نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ یہ اقدام ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خواتین کو معاشی سرگرمیوں میں فعال کردار دینے کی عملی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین خریدار اب قربانی کے جانور خواتین بیوپاریوں سے براہِ راست خرید سکیں گی، جس سے نہ صرف خریداری میں سہولت پیدا ہو گی بلکہ خواتین بیوپاریوں کو بھی باوقار روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر کی ہدایت پر منڈی میں علیحدہ داخلی راستہ، سکیورٹی، اور ضروری سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ خواتین کسی دقت یا رش کے بغیر خریداری کر سکیں۔ڈاکٹر زرغنہ خالد نے مزید کہا کہ یہ صرف ایک منڈی نہیں، بلکہ خواتین کی خودمختاری کی طرف ایک قدم ہے۔ حکومتِ پنجاب خواتین کو ہر شعبے میں محفوظ، باعزت اور مؤثر شرکت کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ مویشی منڈی میں خواتین کی شرکت کو خوش آمدید کہیں اور انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر یہ مثبت تجربہ مزید کامیاب بنایا جا سکے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button