کھیل

تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی سپورٹس کمیٹی کا اجلاس، سال -27-2026ء کی کھیلوں کیلئے مختلف مقامات کا تعین

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے وژن کو سراہا گیا

فیصل آباد (94 نیوز سپورٹس رپورٹر) چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین کی ہدایات پر تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی سپورٹس کمیٹی (مردانہ) برائے سال 27-2026ء کا اجلاس پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج سمن آباد و صدر سپورٹس کمیٹی ڈاکٹر محمد عالم کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے ڈائریکٹر سپورٹس میاں محمد شکیل، پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج گوجرہ حق نواز دانش اور دیگر متعلقہ افسران و اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں سال27-2026ء کے دوران منعقد ہونے والے مختلف کھیلوں کے مقابلہ جات کے انتظامات، کھیلوں کے انعقاد کے لیے موزوں مقامات (وینیوز) کے انتخاب اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے کھیلوں کے مقابلوں کو منظم، مؤثر اور شفاف انداز میں منعقد کرنے کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں، جبکہ مختلف کھیلوں کے انعقاد کے لیے وینیوز کے تعین کا فیصلہ بھی کیا گیا اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دے کر طلباء و طالبات کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں۔ اس موقع پر صدر سپورٹس کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد عالم نے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بناتے ہیں بلکہ نوجوانوں میں نظم و ضبط، برداشت، ٹیم ورک، خود اعتمادی اور مثبت مسابقت کے جذبے کو بھی پروان چڑھاتے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے نوجوانوں کی فلاح و بہبود، تعلیمی ترقی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کئے جانے والے اقدامات اور وژن کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیمی بورڈ فیصل آباد بھی نوجوان نسل کی مثبت سرگرمیوں اور کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار مؤثر انداز میں ادا کرتا رہے گا۔ ڈائریکٹر سپورٹس تعلیمی بورڈ فیصل آباد میاں محمد شکیل نے کہا کہ چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین کی ہدایات کے مطابق سپورٹس کمیٹی کھیلوں کے مقابلوں کے انتظامات کو حتمی شکل دینے اور ان کے کامیاب انعقاد کے لیے اپنی ذمہ داریاں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس سیشن 27-2026ء کا باقاعدہ آغاز انشاءاللہ 21 اکتوبر 2026ء بروز بدھ ڈویژنل ماڈل سکول اینڈ کالج فیصل آباد میں سوئمنگ کے مقابلوں کے ساتھ ہو گا جس میں ڈویژن بھر کے کالجز کی نمائندگی ہو گی- اجلاس میں پرنسپل گورنمنٹ گریجوایٹ کالج سمندری ڈاکٹر محمد امجد پرنسپل گورنمنٹ گریجوایٹ کالج ٹوبہ محمد فیصل پرنسپل گورنمنٹ ایم ڈی کالج عبداللہ پور فیصل آباد ڈاکٹر عبدالرحمن ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب کالج خالد یعقوب ڈائریکٹر سپورٹس سپیرئیر کالج محمد فرقان ڈائریکٹر سپورٹس ڈی پی ایس محمد وارث منہاس ڈائریکٹر سپورٹس چناب کالج جھنگ رضا مہدی چوہدری نسیم احمد گجر کاشف امداد بلوچ اور ساجد حسین نقوی سمیت دیگر متعلقین نے شرکت کی-

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button