تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے زیر اہتمام انٹر کالجیٹ گرلز لان ٹینس اور بیڈمنٹن چیمپئن شپ، پنجاب کالج فاتح قرار


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین کی ہدایت پر تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے زیر اہتمام سال 2026-27ء کے انٹر کالجیٹ گرلز کھیلوں کے مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں منعقدہ انٹر کالجیٹ گرلز لان ٹینس اور بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں پنجاب کالج فار ویمن فیصل آباد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ لان ٹینس چیمپئن شپ میں پنجاب کالج فار ویمن فیصل آباد نے پہلی، گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن گلشن کالونی فیصل آباد نے دوسری جبکہ گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول 202 ر ب گٹی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس مقابلے کی میزبانی چناب کالج جھنگ نے کی۔ علاوہ ازیں انٹر کالجیٹ گرلز بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں بھی پنجاب کالج فار ویمن فیصل آباد نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فار ویمن 266 ر ب کھرڑیانوالہ فیصل آباد نے دوسری اور گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فار ویمن ٹوبہ ٹیک سنگھ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بیڈمنٹن چیمپئن شپ کی میزبانی گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فار ویمن چنیوٹ نے کی چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے کھیلوں کے ان مقابلوں کے کامیاب انعقاد پر ڈائریکٹریس فزیکل ایجوکیشن نگہت نورین مظہر اور متعلقہ منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھیل طلباء و طالبات کی جسمانی صحت، ذہنی نشوونما، خود اعتمادی، نظم و ضبط اور قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبائی حکومت تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ، نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے اور تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے بہتر ماحول کی فراہمی کے لیے قابلِ تحسین اقدامات کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی سرپرستی میں تعلیمی اداروں میں ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینا خوش آئند ہے۔ ان اقدامات سے طلباء و طالبات کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور صحت مند سرگرمیوں کے مواقع میسر آ رہے ہیں ڈائریکٹریس فزیکل ایجوکیشن تعلیمی بورڈ فیصل آباد نگہت نورین مظہر نے دونوں چیمپئن شپ میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کی کھیلوں کے جذبے، محنت اور ٹیم ورک کو سراہتے ہوئے میزبان اداروں چناب کالج جھنگ اور گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فار ویمن چنیوٹ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔



