کھیل

جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کوعبرتناک شکست دیدی

نئی دہلی (94 نیوز) ورلڈکپ کے 32ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 190 رنز سے شکست دے دی۔  پروٹیاز کے 358 رنز کا ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم 167 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ 

پونے میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ 

جنوبی افریقہ کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک اور کپتان ٹیمبا باووما نے اننگ کا آغاز کیا جس کے بعد 9ویں اوور میں 38 رنز پر جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ گر گئی جب کپتان ٹیمبا باووما کو 24 رنز پر ٹرینٹ بولٹ نے کیچ آؤٹ کروایا۔ اسکے بعد کوئنٹن ڈی کوک اور راسی ونڈر ڈوسن نے 200 رنز کی شاندار پارٹنرشپ بنا کر بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔  کوئنٹن ڈی کوک 114 رنز بنا کر ساؤتھی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، جس کے بعد تیسری وکٹ پر ڈوسن اور ڈیوڈ ملر نے 43 گیندوں پر 78 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر اسکور کی اسپیڈ بڑھادی۔  راسی ونڈر ڈوسن 133 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، انہیں ٹم ساؤتھی نے بولڈ کیا۔ تاہم سامنے موجود ڈیوڈ ملر نے 30 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیل کر اختتامی لمحات میں اسکور کارڈ کا نقشہ بدلتے ہوئے اپنی ٹیم کو ساڑھے تین سو کا ہندسہ عبور کروادیا۔

جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 357 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 2 جبکہ جمی نیشم اور ٹرینٹ بولٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں کیوی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور کوئی بھی بیٹر جم کر جنوبی افریقہ بولرز کا مقابلہ نہ کرسکا۔ 

ول ینگ نے 33 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ڈیرل مچل نے 24 رنز بنائے جبکہ اختتامی لمحات میں گلین فلپس نے 60 رنز بنا کر کراؤڈ کو محظوظ کیا۔ انکے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکا۔ 

جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج نے 4، مارکو یانسن نے 3، جیرالڈ کوئٹزی نے 2 اور کگیسو رباڈا نے ایک وکٹ لی۔   ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، وکٹ پر اوس نظر آرہی ہے۔

اس موقع پر جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا باووما نے کہا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، تبریز شمسی کی جگہ کگیسو ربادا کو شامل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت زیادہ پُراعتماد ہیں، مومینٹم بنا ہوا ہے آج بھی اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

دونوں ٹیمیں اب تک اِس ورلڈ کپ میں چھ چھ میچز کھیل چکی ہیں، جنوبی افریقا نے اپنے 5 اور نیوزی لینڈ نے 4 میچز جیتے ہیں۔پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی افریقا دوسرے اور نیوزی لینڈ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button