قومی

2018میں جہاں چھوڑ کر گئے تھے وہیں سے محکمہ صحت کا سفر شروع کر رہے ہیں، صوبائی وزیر صحت

فیصل آباد (94 نیوز) وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیرنے فیصل آباد میں صحت عامہ کی سہولیات کا جائزہ لینے کے لئے دورہ کیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ڈی سی آفس فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2018 ء میں جہاں چھوڑ کر گئے تھے وہیں سے محکمہ صحت میں سفر شروع کر رہے ہیں۔وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر دن رات کام کر رہے ہیں۔ لاہور میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کینسر ہسپتال قائم کررہے ہیں چند ماہ میں تعمیراتی کام شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد کے تمام بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹرز کی ری ویمپنگ کر رہے ہیں اور31 مارچ2025ء تک پنجاب کے بنیادی مراکز اور رورل ہیلتھ سنٹرزکی ری ویمپنگ مکمل ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیسن کا ایشو ہے کئی جگہ دستیاب ہونے پر بھی نہیں دی جاتی، فیصل آباد سے سرکاری میڈیسن میں کرپشن کرنے والا گروہ پکڑا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو ہفتے کی ڈیڈ لائن رہ گئی جس کے بعد تمام ایمرجنسی میں سو فیصد ادویات مفت ملیں گی۔ ہسپتالوں میں لوگوں کو انتظار کرنے کی زحمت نہیں اٹھانا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر آن ویل پروگرام شروع کر رہے ہیں جس کے ذریعے چھوٹی وین اور لیبارٹری دہلیز پر جا کر علاج کی سہولت فراہم کرے گی۔ شہباز شریف کے دور میں موبائل ہسپتال لائے تھے اب دوبارہ شروع کر رہے ہیں،ڈاکٹرز سے ملاقات کی ہے ہڑتال سے نہیں مسائل بات چیت سے حل کرنے ہیں۔ اگر پانچ سال حکومت نے پورے کئے تو دوسرے صوبوں سے لوگ پنجاب میں علاج کرانے آئیں گے۔ پنجاب میں پانچ میڈیکل سٹی قائم کرنے جا رہے ہیں۔

گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کا اچانک دورہ کیا اور ڈائیلسز وارڈ میں گردوں کے امراض میں مبتلا دو مریضوں کی ٹرانسپلانٹ سرجری کرانے کی درخواست پر وزیرصحت خواجہ عمران نذیر نے ایکشن لیا اوروزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مریضوں کا فوری طور پر جناح ہسپتال لاہور میں مفت ٹرانسپلانٹ کا اعلان کیا۔ وزیر صحت نے اپنی ٹیم کو مریضوں کے کوائف لے کر فوری طور پر لاہور منتقل کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں میں جاکرمریضوں کو علاج معالجہ کی فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کو باریک بینی سے چیک کیا اور بعض شکایات پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی سرزنش کی۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کو ہسپتال کے لئے فوری طور پر لیپروسکوپی مشین کی خریداری کا حکم دیا اور کہا کہ مشین کی خریداری سے ہسپتال میں جدید سرجری کی سہولت میسر ہو گی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے بٹالہ کالونی میں گورنمنٹ ڈسپنسری اورنصرت فتح علی خان ہسپتال حسیب شہید کالونی کابھی دورہ بھی کیا۔انہوں نے ڈسپنسری میں غیر حاضر سٹاف کے خلاف محکمانہ انکوائری کی ہدایت کی اور کہا کہ نچلی سطح پر مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ڈسپنسریز کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے نصرت فتح علی خان ہسپتال کے مختلف وارڈز میں زیرعلاج مریضوں کی عیادت کی اور ان کی صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو مریضوں کے بلارکاوٹ علاج معالجہ کو یقینی بنانے کی تاکید کی۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کی ہسپتالوں کی انسپکشن کا عمل جاری اورعلاج معالجہ کے حوالے سے سامنے آنے والے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button