واسا کا کمرشل صارفین کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے کمرشل صارفین کی تعداد بڑھانے اور ریونیو ریکوری کی شرح میں اضافہ کی ہدایت کی ہے جبکہ یہ بھی واضح کیا ہے کہ آپریشنل سپورٹ کی ضرورت ہو تو بھرپور سپورٹ فراہم کی جائے گی۔ ریونیو ڈائریکٹوریٹس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گھریلو کنکشنز بالعموم اور کمرشل صارفین کی تعداد بالخصوص بڑھائی جائے اسی طرح کمرشل صارفین سے ریکوری کو بھی بڑھا جائے تاکہ ریونیو ریکوری میں مزید اضافہ ہو سکے۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ ریونیو افسران اور سٹاف کو ہفتہ وار ریونیو ریکوری کے اہداف دئیے جائیں اور ان کے حصول کے لئے بھرپور لگن اور محنت سے کام کیا جائے تاکہ ان اہداف تک پہنچا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جن علاقوں میں آپریشنز ایشوز سامنے آتے ہیں ان کے حل کے لئے آپریشنز ڈائریکٹوریٹ سے بھرپور سپورٹ حاصل کی جائے تاکہ ان علاقوں کے مکینوں کو مسائل حل کر کے بلز کی ادائیگی بارے ترغیب دی جا سکے۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ ریونیو ریکوری کے حوالے سے جو افسران اور سٹاف اپنے اہداف حاصل کرے گا ان کو انعام جبکہ جو ناکام رہیں گے انہیں سزا بھی دی جائے گی کیونکہ اب جزا اور سزا کے نظام کے مطابق ریونیو ریکوری میں اضافہ کے لئے کام کیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر آئی اینڈ سی شہریار حسن ، ڈائریکٹرز ریونیو محمد اقبال ملک ، عمر افتخار ، ڈپٹی ڈائریکٹرز فرحان علی ، ظفراقبال قادری ، حافظ معین احمد ، پرویز اقبال چدھڑ ،عبدالرئوف بٹ و دیگر شریک تھے۔



