قومی

فیصل آباد میں ٹریفک کے ای چالان کا آغاز کردیا گیا ہے، ایس ایس پی، سی ٹی او

ہیلمٹ نہ پہننے کی صورت میں، ون وے کی خلاف ورزی پر 2000روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا، شہری ای چالان سے بچنے کیلئے قوانین کی خلاف ورزی نہ کریں، ناصر جاوید

سیف سٹی منصوبے کے تحت نصب کئے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کی وجہ سے شہر میں 80فیصد جرائم میں کمی آئی ہے، جن علاقوں میں کیمرے نصب نہیں کئے گئے وہاں جرائم کی شرح زیادہ ہے، ایس ایس پی ملک طارق محبوب

فیصل آباد(میاں ندیم احمد بیوروچیف) فیصل آباد میں ٹریفک کے ای چالان کا آغاز کردیا گیا ہے، پاکستان کے تیسرے بڑے شہر میں سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے تھے تاکہ جرائم کی روک تھام کیساتھ ساتھ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد بھی کروایا جائے۔ یہ گفتگو ایس ایس پی ملک طارق محبوب اور چیف ٹریفک آفیسر ناصر جاوید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی، انہوں نے کہا کہ آج راولپنڈی اور گوجرانوالہ کے ساتھ فیصل آباد میں بھی ای چالان کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے،جس کے تحت موٹر سائیکل حضرات کو ہیلمٹ نہ پہننے کی صورت میں، کار ڈرائیور کو سیٹ بیلٹ نہ لگانے اور ون وے کی خلاف ورزی، ٹریفک اشاروں کی خلاف ورزی پر کیمروں کے خود کار نظام کے تحت چالان کئے جائیں گے جہ کہ کم از کم 2ہزار روپے ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ کیمرے آپکی نمبر پلیٹ، کو فوکس کرے گا اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر تصویر بنے گی جو آپکے رجسٹرڈ موبائل پر بھیج دی جائے گی اور چالان کی رقم بھی ساتھ بتا دی جائے گی، جس کو آپ بذریعہ موبائل اکاؤنٹ بھی ادا کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل ڈرائیورز کے حادثات میں 75فیصد اموات ہیلمٹ نہ پہننے کی وجہ سے سر میں چوٹ لگنے کے باعث ہوتی ہیں، جو کہ ایک بہت بڑی تعداد ہے۔ ایس ایس پی ملک طارق محبوب نے کہا کہ سیف سٹی منصوبہ کے تحت لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کے باعث 80فیصد جرائم میں کمی واقع ہوئی ہے۔جن علاقوں میں ابھی تک کیمرے نصب نہیں کئے گئے وہاں جرائم کی شرح ابھی بھی زیادہ ہے۔ ملک طارق نے کہا کہ آنے والے دنوں میں تحصیل کی سطح اور پھر یونین کونسل کی سطح پر بھی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔چیف ٹریفک آفیسر ناصر جاوید نے کہا کہ آج فیصل آباد بھی ٹیکنالوجی کے نئے دور میں داخل ہورہا ہے۔ ٹریفک وارڈنز کی ذمہ داریاں بہت ہیں ان کیمروں کی مدد سے نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی خلاف کارروائی ہوگی بلکہ ٹریفک کے بہاؤ کو قائم رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہیلمٹ نہ پہننے کی صورت میں دو ہزار چالان ادا کرنا ہوگا۔ اسی طرح سیٹ بیلٹ نہ پہننے کی صورت میں چھوٹی گاڑی کیلئے500روپے اور بڑی گاڑی کو 750روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ اسی طرح ون وے کی خلاف ورزی پر 2ہزار روپے جرمانہ، ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی پر موٹر سائیکل کو 200روپے کار کو 500روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button