بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور اور علیمہ خان کو بات کرنے سے روک دیا، وزارت اعلیٰ سے ہٹانے کی بات نہیں کی،سینیٹر علی ظفر


راولپنڈی (94 نیوز) سینیٹر علی ظفر کا کہنا ہے عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو مزید بات کرنے سے روکتے ہوئے فوری طور پر ملاقات کے لیے کل بلایا ہے لیکن انہیں وزارت اعلیٰ سے ہٹانے کی کوئی بات نہیں کی۔
توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر موجود میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے علیمہ خان اور علی امین گنڈاپور کو ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے روک دیا ہے۔ عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ علی امین گنڈا پور کل ان سے جیل میں ملنے آئیں، بانی نے آج چار نئے کوآرڈینیٹر بھی مقرر کیے ہیں اور ملاقاتوں کی فہرست بھی 4 رکنی کوآرڈینیٹرز کی ٹیم تیار کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور اور علیمہ خان کی بیان بازی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پبلک میں اس طرح ایک دوسرے پر الزامات نہیں لگانے چاہئیں، ہمارے آپس کے اختلافات کا فائدہ مخالفین کو ہو رہا ہے۔بانی پی ٹی آئی نے کہا وزیر اعلیٰ کا اختیار ہے وہ انتظامی معاملات میں جس کو چاہے تبدیل کرے۔
پی ٹی آئی کے سینیٹر نے بتایا کہ عمر ایوب کے مقدمات کا فیصلہ ہونے تک عمران خان نے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نامزد کیا ہے۔



