قومی

تعلیمی اداروں کی موسم گرما کی تعطیلات میں اضافہ سمجھ سے بالا تر ہے، جائنٹ ایکشن کمیٹی فار پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشنز

فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) پنجاب حکومت کی طرف سے تعلیمی اداروں کی موسم گرما کی تعطیلات میں اضافہ سمجھ سے بالا تر ہے، یہ تعلیم دوستی نہیں تعلیم دشمنی پالیسی ہے یہ اظہار وزیر تعلیم کی جانب سے موسم گرما کی تعطیلات میں اضافے کے بعد فیصل آباد کی پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشنز کے سربراہان نے روزنامہ سحر سے گفتگو کے دوران کہی، جائنٹ ایکشن کمیٹی فار پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشنز کے چوہدری محمد طاہر ایڈووکیٹ، شیخ محمد نسیم، اسد بشیر گل، وسیم عسکری اور میاں ندیم احمد نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ پنجاب میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرے تاکہ لٹریسی ریٹ کو مزید بڑھایا جائے، لاکھوں بچے سکول ہی نہیں جارہے، اور جو سکول جا رہے ہیں حکومت انکی تعلیمی راہ میں ہر سال رکاوٹ بنتی جا رہی ہے۔ پوری دنیا میں موسموں کی شدت ہوتی ہے لیکن قومیں سستی اور کاہلی سے نہیں بلکہ عقلمندی، دلیری اور بہتر منصوبہ بندی سے بنتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت موسم گرماکی تعطیلات میں اضافے کا نوٹس واپس لے اور بچوں کو تعلیم حاصل کرنے دے، سربراہان نے کہا کہ سال میں سب سے زیادہ چھٹیاں تعلیمی اداروں میں ہوتی ہیں،جس سے بچوں کی نہ صرف تعلیم کا حرج ہوتا ہے بلکہ انکی تربیت بھی متاثر ہو رہی ہے کیونکہ جو ماحول سکول میں بچوں کو تربیت کیلئے ملتا ہے وہ کسی اور جگہ نہیں انہوں نے کہا کہ پتہ نہیں کس ایجنڈے کے تحت بچوں کو تعلیم سے دور رکھنے کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز تو خود تعلیم دوست ہیں اور طلباء و طالبات کی بھر پور حوصلہ افزائی بھی کرتی ہیں لیکن اس طرح کی پالیسیوں سے حکومتی اقدامات پر سوالیہ نشان آجاتا ہے۔ سربراہان نے کہا کہ اب پاکستان کو موسم تو اکثر گرم ہی رہتا ہے تو کیا تعلیمی ادارے بند کردینے چاہئیں؟ اگر ہم نے دنیا کا مقابلہ کرنا ہے تو ان بچوں کو موسموں کا مقابلہ کرنا بھی سکھانا ہوگا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button