پنجاب حکومت کا سوا 2 ارب کی لاگت سے گرین کوریڈور منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ


لاہور (94 نیوز) پنجاب حکومت نے پاکستان ریلوے کے اشتراک سے گرین کوریڈور منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گرین کوریڈور منصوبے کے تحت 40 کلومیٹر ایریا میں 700 کنال رقبہ پر گرین بیلٹس بنائی جائیں گی۔ شاہدرہ سے رائیونڈ کے درمیان ریلوے ٹریک سے منسلک ایریا کو گرین بیلٹس میں تبدیل کیا جائے گا۔
تقریباً سوا 2 ارب لاگت کا گرین کوریڈور منصوبہ ایک سال میں مکمل کیا جائے گا۔ ریلوے کی پرانی بوگیوں میں لائبریریاں اور کیفے بھی بنائے جائیں گے۔ منصوبے کو چار مختلف پیکیجز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے پیکج میں شاہدرہ سے ریلوے اسٹیشن، دوسرے میں والٹن تک کام مکمل کیا جائے گا ۔ تیسرے پیکج میں والٹن سے کوٹ لکھپت جبکہ چوتھے میں رائیونڈ تک کا حصہ مکمل کیا جائے گا۔
محکمہ ہاؤسنگ پنجاب نے منصوبے کا پی سی ون محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو بھجوا دیا ہے۔ منصوبے سے ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ریلوے سے تعاون پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔



