ایف ڈی اے کے رہائشی بلڈنگ پلان کی منظوری کیلئے آن لائن سسٹم کا آغاز کیا جا رہا ہے، آصف چوہدری


فیصل آباد(94 نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ”ڈیجیٹل پنجاب ”ویژن کے تحت فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے)کی طرف سے رہائشی بلڈنگ پلان کی منظوری کیلئے آن لائن سسٹم کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے تحت شہری گھر بیٹھے ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں سے متعلق رہائشی بلڈنگ پلان کی منظوری حاصل کر سکیں گے۔ اس سسٹم کو شروع کرنے کے انتظامات کاجائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر آئی ٹی /فنانس یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن، ڈپٹی ڈائریکٹرز ٹاؤن پلاننگ راحیل ظفر، اقراء مرتضیٰ، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبداللہ نور، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شبیر ساجد گجر و دیگر افسران نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈ ی اے نے کہا کہ ایف ڈی اے کی سروسز کو جدت سے ہمکنار کرنے کیلئے پرعزم ہیں اس سلسلے میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر متعلقہ شعبوں سے متعلق شہریوں کے کام کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے کے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے جس کی بدولت درخواست گزاروں کو کم سے کم وقت میں ریلیف فراہم کرنے کے مقاصد حاصل ہونگے۔ انہوں نے رہائشی گھروں کے بلڈنگ پلان کی آن لائن منظوری کیلئے محکمانہ سسٹم کو بلاتاخیر شروع کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ اس ضمن میں مربوط حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے اس جدید نظام کو کامیابی سے ہمکنار کریں تاکہ درخواست گزاروں کو فوری ریلیف میسر آئے۔اجلاس کے دوران بتایاگیا کہ اس سسٹم کے ذریعے شہری اپنی درخواست بمعہ رہائشی بلڈنگ پلان آن لائن جمع کرا سکیں گے جنہیں محکمانہ کارروائی کے تمام مراحل سے اپ ڈیٹ کیاجائیگا، کسی قسم کے اعتراض کی صورت میں بلڈنگ پلان درستگی کے بعد دوبارہ اپ لوڈ کیاجاسکے گا۔



