اسد الدین اویسی نے بھارتی پارلیمنٹ میں ’جے فلسطین‘ کا نعرہ لگادیا


نئی دہلی (94 نیوز) حیدرآباد دکن سے تعلق رکھنے والے بھارتی لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے حلف لیتے ہوئے ’جے فلسطین‘ کا نعرہ لگادیا۔
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلیمن کے صدر نے انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے 18ویں لوک سبھا کا ممبر منتخب ہونے کے بعد رکن پارلیمنٹ کا حلف لیا۔ حلف لیتے ہوئے اسدالدین اویسی نے جے فلسطین یعنی فلسطین زندہ باد کا نعرہ بلند کیا۔
اویسی نے اپنی حلف برداری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی شیئر کردی اور ساتھ لکھا کہ وہ پورے خلوص کے ساتھ بھارت کے پسے ہوئے طبقے کے مسائل کو اجاگر کرتے رہیں گے۔
جیسے ہی اسدالدین اویسی نے حلف لینا شروع کیا تو اس دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ نے ہندو مذہب سے متعلق نعرے بازی شروع کردی۔ جب جے فلسطین کا نعرہ بلند کرنے پر تنازع کھڑا ہوا تو اویسی کا کہنا تھا کہ بھارتی آئین انہیں جے فلسطین کا نعرہ لگانے سے نہیں روکتا۔



