کامرس

100سال سے کام کرنیوالی بین الاقوامی جاپانی کمپنی کو پنجاب میں ڈیری کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت، 63 فیصدآبادی کو فائدہ ہو گا

لاہور (94 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز  نے دورۂ جاپان کے دوران100سال سے کام کرنے والی بین الاقوامی جاپانی کمپنی کو پنجاب میں ڈیری کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ موریناگا انٹرنیشنل کمپنی کو نوزائیدہ بچوں کی خوراک سمیت دیگر بیکری مصنوعات اور برآمدی معیار کے گوشت کی مقامی پیداوار میں منصوبوں کی پیشکش بھی کی ہے۔

اس موقع پر حیوانات کے شعبے میں جدید جاپانی مشینری اور طریقوں کے استعمال، معیاری گوشت کے حصول کے لئے صحت مند جانوروں کی افزائش نسل کے لئے پنجاب حکومت سے تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈیری مصنوعات میں عالمی شہرت یافتہ جاپانی کمپنی موریناگا ہیڈکوارٹر زاور پلانٹ کا دورہ کیا اور مِلک انڈسٹری کمپنی کے مختلف شعبے دیکھے۔ انہوں نے موریناگا کے تحقیق اور ترقی کے شعبوں کا بھی مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ  نے موریناگا مِلک انڈسٹری کے پنجاب میں بزنس ٹرینڈ کو قابل تحسین قرار دیا۔

مریم نواز  نے کہا کہ موریناگا کے ڈیری میں تجربات کو پنجاب میں ڈیری کے شعبے کی ترقی کے لئے ماڈل بنانا چاہتے ہیں۔موریناگا کمپنی کو ڈیری مصنوعات کے حوالے پنجاب حکومت تمام سہولیات مہیا کرے گی۔ پنجاب میں ڈیری ڈویلپمنٹ اورایڈوانس پروٹین نیٹ ورک قائم کرنے کے لئے جاپانی کمپنیوں کا خیر مقدم کریں گے۔  فارمولامِلک نوزائیدہ بچوں کی جسمانی وذہنی نشوونما کے لئے ضروری ہے، ماں کی حیثیت سے بچوں کی نگہداشت میرے لئے اہم ہے۔ 2017ء میں وزیراعظم محمدنواز شریف وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے دور میں موریناگا نے پنجاب میں سرمایہ کاری کی۔ دودھ کی پیداوار کے لحاظ سے چوتھے بڑے ملک پاکستان میں پنجاب کاشیئر 60 فیصدہے۔

مریم نواز  نے کہا کہ شیخوپورہ میں موریناگا کی سرمایہ کاری پنجاب اور جاپان کے فلیگ شپ شراکت داری کی واضح مثال ہے۔ پنجاب کے ڈیری سیکٹر میں 80 فیصد قدیم طریقوں سے پیداوار اورمعیار دونوں مسائل کا سامنا ہے۔ موریناگا کی شراکت داری سے زراعت اور لائیو سٹاک سے وابستہ پنجاب کی 63 فیصدآبادی کو فائدہ ہو گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button