بین الاقوامیکھیل

وفاقی کابینہ کا بڑا فیصلہ،آئی پی ایل میچز دکھانے پر پابندی عائد

اسلام آباد(94نیوز) وفاقی کابینہ نے ملک میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل ) کے میچز دکھانے پر پابندی عائد کردی۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے 4گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں 19نکاتی ایجنڈا زیرغور آیا، ایجنڈے میں آئی پی ایل میچز دکھانے پر پابندی اور غربت مٹاؤ پروگرام کے تحت وفاقی کابینہ سے ڈویژن کے قیام کی منظوری بھی شامل تھی۔اجلاس میں کابینہ نے پاکستان میں آئی پی ایل کی نشریات پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ کسی بھی ملک میں کھیلوں اور فن ثقافت کو سیاست سے دور رکھا جاتا ہے لیکن بھارت نے اس کے برعکس پاکستانی فنکاروں پر بھارت میں فن کا مظاہرہ کرنے پر پابندی عائد کی، پاکستان سپر لیگ کے عین درمیان میں جان بوجھ کر پاک بھارت کشیدگی پیدا کی گئی اور پاکستان سپر لیگ کی نشریات کو بھارت میں بند کیا گیا، اب وفاقی کابینہ نے پاکستان میں انڈین پریمیئر لیگ کی نشریات پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم نے فوجی کیپ پہن کرمیچ کھیلا، بھارت کا اس رویے پر پوری دنیا میں مذاق اڑایا گیا۔

15 روز  قبل وفاقی حکومت نے آئی پی ایل میچز پاکستان میں دکھانے پر پابندی  کی سمری کابینہ کو ارسال کی تھی جس پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے دستخط کردیے تھے، سمری میں کہا گیا تھا کہ بھارت نے اپنے ملک میں پی ایس ایل میچز دکھانے پر پابندی عائد کی تھی لہذا  پاکستان میں بھی  آئی پی ایل کے میچز دکھانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے پیمرا یقینی بنائے کہ آئی پی ایل کے میچز پاکستان میں نشر نہ ہوں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button