واسا کے بلز باقاعدگی سے جمع کروانے والوںکی شکایات فوری دور کی جائیں گی، ایم ڈی واسا عامر عزیز، شعیب رشید


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے ریونیو ریکوری میں مزید اضافہ کے لئے آپریشنز ڈائریکٹوریٹس سے رابطوں کو فروغ دینے کی ہدایت کی ہے جبکہ یہ بھی واضح کیا ہے کہ باقاعدگی سے ماہانہ بلز جمع کروانے والے صارفین کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پرحل کیا جائے۔ ریونیو ڈائریکٹوریٹس کی اہم میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید نے کی جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن جاوید غنی، ڈائریکٹر فنانس شہریار حسن، ڈائریکٹر آئی اینڈ سی عارف سریانی، ڈائریکٹرز ریونیو محمد اقبال ملک، عمر افتخار، ڈپٹی ڈائریکٹرز فرحان علی، ظفر اقبال قادری، حافظ معین احمد، شاہد پاشا، پرویز اقبال چدھڑ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز میاں عبدالوہاب ادریسی، میاں ناصر و دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران ڈی ایم ڈی ایڈمن شعیب رشید نے جنوری کے مہینے کے دوران 36 کروڑ روپے کی ریکوری کرنے پر ریونیو افسران و سٹاف کی کارکردگی کو سراہا اور اسی طرح محنت اور جانفشانی کے ساتھ کام کرتے ہوئے فروری کے دوران بھی ریونیو ریکوری کو برقرار رکھنے کی تاکید کی۔ مینجنگ ڈائریکٹر واسا نے کہا کہ ریونیو ریکوری میں اضافہ محکمہ کو مالی پوزیشن مستحکم کر رہا ہے تاہم اسے مزید بڑھانے کے لئے خصوصی کوششیں کرنا ہونگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے صارفین جو اپنے ماہانہ بلز باقاعدگی سے جمع کروا رہے ہیں انہیں ایک خصوصی کیٹیگری میں شامل کیا جائے گا اور ان کی جانب سے سیوریج اور واٹر سپلائی کی شکایات کے اندراج پر فوری ازالہ کیا جا سکے۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ ریونیو ریکوری میں اضافہ کے لئے نکاسی آب کی معیاری سہولیات کی فوری فراہمی لازم و ملزوم ہیں جس کے لئے ریونیو اور آپریشنز ڈائریکٹوریٹس باہمی رابطوں کو مزید فروغ دیں تاکہ صارفین کو سروسز کی فراہمی کے لئے فوری رسپانس مل سکے اور واسا کے ریونیو میں مزید اضافہ ممکن ہو۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر شعیب رشید نے اعلان کیا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے ریونیو افسران و سٹاف کو تعریفی اسناد سے نوازا جائے گا۔



