WASA Faisalabad staff arrived at Chiniot with safe drinking water for flood victims


Faisalabad (94 News City Reporter) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق واسا فیصل آباد سیلاب سے متاثرہ افراد کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے چنیوٹ پہنچ گیا۔ صوبائی سیکرٹری ہاؤسنگ نور الامین مینگل اور ڈی جی پنجاب واسا طیب فرید کی ہدایت پر مینجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے سیلاب متاثرین کو پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے 3 واٹر بائوزر متعین کردئیے جبکہ واسا فیصل آباد کے بوٹلنگ پلانٹ پر تیار کردہ ڈیڑھ لیٹر پانی کی بوتلیں بھی سیلاب ریلیف کیمپس میں پہنچا دی گئیں۔ ان اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے چنیوٹ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا وزٹ کیا اور وہاں پر واسا فیصل آباد کے واٹر ٹینکر سے پانی کی سپلائی کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے سیلاب سے متاثرہ افراد میں ڈیڑھ لیٹر پانی کی بوتلیں بھی تقسیم کیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایک واٹر ٹینکر چنیوٹ روڈ سے بھوانہ تک ، دوسرا واٹر ٹینکر بھوانہ سے جھنگ تک جبکہ تیسرا واٹر ٹینکر چنیوٹ سے لاہور روڈ پر متعین کیا گیا ہے۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر کی جارہی ہے اور واسا فیصل آباد عوامی خدمت کیلئے پیش پیش یے۔ انہوں نے واضح کیا کہ واٹر ڈائریکٹوریٹ کا سٹاف بھی واٹر برائوزر کے ساتھ ڈیوٹی انجام دے گا اور سیلاب متاثرین کو وافر مقدار میں پانی فراہم کیا جائے گا۔ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کو بلا تعطل پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ کے چنیوٹ وزٹ کے دوران ڈی ایم ڈی سروسز اکرام اللہ چوہدری اور واٹر ڈائریکٹوریٹ کے افسران بھی ہمراہ تھے



