قومی

میئر اسلام آباد کی بحالی کا حکم نامہ جاری

اسلام آباد (94 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز کی بحالی کا 13 صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کر دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے حکم نامے میں لکھا ہے کہ حکومت صرف قانون کے مطابق میئر اسلام آباد کو معطل کر سکتی ہے۔

عدالتِ عالیہ نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ قانون کے مطابق جس شخص پر الزام لگا ہو اسے صفائی کا موقع بھی ملنا چاہیے۔ عدالت نے 13 صفحات پر مشتمل حکم نامے میں کہا ہے کہ میئر اسلام آباد کی معطلی میں قانون کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔

عدالتِ عالیہ نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ میئر اسلام آباد پر انکوائری میں اثر انداز ہونے کا الزام لگایا گیا لیکن ان کے خلاف ثبوت کوئی نہیں ہے۔

ہائی کورٹ نے مزید کہا ہے کہ میئر اسلام آباد پر الزامات لگائے گئے لیکن انہیں صفائی کا موقع نہیں دیا گیا۔

عدالت عالیہ کی جانب سے اپنے حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ محض الزامات پر کمیشن نے اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز کو معطل کرنے کی سفارش کی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز کو وفاقی کابینہ کی منظوری سے 90 روز کے لیے معطل کر دیا گیا تھا، شیخ انصر عزیز کو معطل کرنے کا مقصدان کے خلاف صاف شفاف انکوائری کرنا بتایا گیا تھا۔

وزارتِ داخلہ نے کابینہ کی منظوری کے بعد اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

اپنی معطلی کے خلاف شیخ انصر عزیز نے عدالتی جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس سلسلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کو کام کرنے کی اجازت دیتے ہوئے ان کی معطلی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا تھا۔

گزشتہ روز میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی بحالی کے معاملے پر وفاق نے حکمتِ عملی تبدیل کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے اپیل واپس لے لی تھی۔

پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب اور جسٹس غلام اعظم قمبرانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی بحالی کے عدالتی فیصلے کے خلاف وفاق کی انٹراکورٹ اپیل کی سماعت کی تھی۔

دورانِ سماعت کاشف علی ملک ایڈووکیٹ نے کہا تھا کہ وفاق کی اپیل قابلِ سماعت نہیں ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا تھا کہ حکومت نے پہلے اپیل دائر کرنے اور اب اپیل پر دلائل نہ دینے کی ہدایات دی ہیں، میئر اسلام آباد کی بحالی کے خلاف اپیل میری ایڈوائس کے خلاف دائر کی گئی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button