قومی

فیصل آباد میں 22 سہولت بازارفنکشنل کردیئےجہاں چینی 85 روپے فی کلو ملے گی، کمشنر

فیصل آباد(94 نیوز) پنجاب حکومت کی ہدایات پرصارفین کو اشیاء ضروریہ کنٹرول ریٹ پر فراہم کرنے کے لئے ضلع میں 22 سہولت بازارفنکشنل کردیئے گئے ہیں جہاں چینی 85 روپے فی کلو جبکہ آٹے کا 10 کلوگرام وزنی تھیلا 420 روپے،20 کلوگرام وزنی تھیلہ 840 روپے کے ارزاں نرخوں پر فروخت ہوگا جبکہ پھل، سبزیاں اور کریانہ کی دیگرمعیاری اشیاء بھی رعایتی قیمتوں پر دستیاب ہونگی۔

ڈویژنل کمشنر عشرت علی اور ڈپٹی کمشنر محمدعلی نے سہولت بازاروں کا ہنگامی دورہ کرکے ضروری انتظامات چیک کئے۔وہ ریاض شاہد چوک اسلام نگر، ملت روڑ،ماڈل بازار ملت چوک اور دیگر علاقوں میں قائم سہولت بازاروں میں گئے اور وہاں دستیاب اشیائے ضروریہ چیک کیں۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈویژنل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے بازاروں میں آٹا،چینی،دالیں،پھل،سبزیاں اور کریانہ کی دیگر اشیاء کی دستیابی، معیار اور قیمتوں کو چیک کیا اور ہدایت کی کہ صبح سے شام تک ان بازاروں میں اشیائے خورونوش کی دستیابی میں تعطل نہیں آنا چاہیے۔انہوں نے بازاروں کے انچارجز سے کہا کہ وہ موقع پر موجود رہ کراشیاء کی طلب ورسد پر گہری نظر رکھیں جبکہ صفائی کا اعلی معیار ہمہ وقت یقینی بنانے اور اشیاء کے نرخ نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے کی بھی تاکید کی۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ڈی سی آفس میں پرائس کنٹرول مانیٹرنگ سیل بھی قائم کردیا گیا ہے جہاں شہریوں کی ذخیرہ اندوزی اور گرانفروشی کی موصولہ شکایات پر تیز رفتارکارروائی کی جائے گی۔کنٹرول روم میں فون نمبرز 041-9201491 اور 041-9201492 صبح 9 سے شام 5 بجے تک فنکشنل ہونگے اور یہ کنٹرول روم دو شفٹوں میں کام کرے گا۔

ڈپٹی کمشنر محمد علی نے کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اورموصولہ شکایات کے حل کی پیشرفت کاجائزہ لیا۔انہوں نے بتایا کہ کنٹرول روم سے سہولت بازاروں کی مانیٹرنگ اورپرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کومانیٹر کیا جائے گا اور کنٹرول روم میں تعینات افسران و ملازمین فیلڈ میں موجود پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فوری طور پر شکایات کو حل کرنے کے لئے آگاہ کریں گے۔انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سخت تاکید کی کہ پرائس کنٹرول میکنزیم پرحکومتی ویژن کے مطابق عملدرآمدہونا چاہیے اور ان کی کارروائیوں سے شہریوں کو ریلیف ملنا چاہیے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button