فیصل آباد: سانحہ جڑانوالہ دو سال بعد بھی انصاف کی تلاش میں ہے، بشپ اندریاس الیاس کی پریس کانفرنس


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) سانحہ جڑانوالہ کی دوسری برسی پربشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت نے پریس کلب میں پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ دن ہے جو ہمیں دو سال پہلے کے ان دردناک لمحات کی یاد دلاتا ہے جب بے گناہ خاندانوں کے گھروں، عزت اور مقدس مقامات پر حملہ ہوا۔ یہ واقعہ نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پوری قوم کے لیے ایک زخم تھا۔دوسال قبل اس دل خراش واقعہ میں سینکڑوں مذہبی شدت پسندوں نے بغیر تحقیق کئے مسیحی براداری کے 22چرچز اور 100 گھروں کو نذرِآتش کیا ۔ اس روز نہ صرف املاک جلائی گئیں بلکہ آئین پاکستان کی مذہبی آزادی اور شہری تحفظ کی ضمانت بھی پامال ہوئی اس المناک سانحہ کے نتیجے میں جڑانوالہ کے3مختلف تھانوں میں 22مقدمات درج ہوئے جن میں سے 5مقدمات پولیس کی مدعیت اور 17مقامی لوگوں اور پاسٹرز کی مدعیت میں درج ہوئے ۔ ان 22مقدمات میں 166ملزمان کو نامزد کیا گیا اور تقریبا5200نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف جلاؤ گھراؤ ، اقدام قتل، لوٹ مار، عبادت گاہوں کی بے حرمتی، ان کو نقصان پہنچانے اور دہشت گردی کی دفعات درج کی گئیں۔ان 5200سے زائد حملہ آوروں میں سے مقامی پولیس نے صرف300ملزمان کو گرفتار کیا۔مقامی پولیس کی ناقص اور نامکمل تفتیش کی وجہ سے یہ تمام ملزمان ضمانت پر رہا کردئیے گئے۔جبکہ سینکڑوں ملزمان جن کو مدعیان نے مختلف ذرائع سے شناخت کیا تھا ،پولیس ان کو نامزد مقدمہ اور گرفتار کرنے سے قاصر رہی۔ مقامی پولیس کی اس ناقص تفتیش اور غیر پیشہ وارانہ کارکردگی کی وجہ سے اب تک دو مقدمات کے ملزمان بری ہوچکے ہیں ۔دو سال گزرنے کے باوجود یہ زخم ہمارے دلوں میں تازہ ہیں، لیکن ساتھ ہی یہ وقت ہمیں یاد دلاتا ہے کہ مشکلات اور آزمائشوں میں ہم نے کس طرح ایک دوسرے کا ساتھ دیا، ایک دوسرے کو سہارا دیا، اور امن و محبت کا پرچم بلند رکھا۔میں ان سب کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے متاثرین کے لیے دعا، اخلاقی سپورٹ اورعملی مدد فراہم کی۔اور جنہوں نے دن رات محنت کر کے متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھا۔میری طرف سے مسلم بھائیوں کو خصوصی شکریہ جنہوں نے بھائی چارے کا عملی مظاہرہ کیا اور دکھ کی گھڑی میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوئے۔ میں مختلف اداروں کے تعاون کو بھی سراہتا ہوں جنہوں نے متاثرین کی بحالی میں کردار ادا کیا۔ تاہم آج ہم یہاں صرف شکریہ ادا کرنے کے لیے نہیں بلکہ ایک مطالبہ دہرانے کے لیے بھی جمع ہوئے ہیں انصاف کا مطالبہ۔ہم پولیس اور عدالتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس کیس میں شفاف اور تیز رفتار کارروائی کو یقینی بنائیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف ملے اور ملک میں قانون کی بالادستی قائم ہو۔کیونکہ انصاف میں مزید تاخیرنہ صرف متاثرین کے زخم گہر ے کرے گی بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ بھی مجروح کرے گی۔ ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ ایسے سانحات دوبارہ کبھی نہ ہوں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں، تعلیمی نصاب میں رواداری اور احترام کے پیغامات شامل کریں، اور ایسے قوانین اور اقدامات کو مضبوط کریں جو نفرت انگیزی کو روکتے ہیں۔ میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ ہم اپنی مذہبی اور ثقافتی شناخت کا احترام کرتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور امن کا رشتہ قائم رکھیں۔سانحہ جڑانوالہ کا پیغام یہی ہے کہ نفرت کو شکست صرف محبت، مکالمہ اور انصاف سے دی جا سکتی ہے۔خدا ہمیں امن کا پیامبر بنائے، اور ہمارے ملک کو ہر قسم کے تعصب، نفرت اور تشدد سے محفوظ رکھے۔اس موقع پر فادر خالد رشیدعاصی ، فادر یعقوب یوسف ، شاہد انور ایڈووکیٹ، رانا زاہد ایڈووکیٹ و دیگر بھی موجود تھے ۔



