National

سرکاری سکولوں کےعادی غیر حاضر ٹیچرز کا کڑا احتساب کیا جائےگا۔ ڈپٹی کمشنر

بچوں کے داخلوں کو برقرار رکھنے کیلئے موثر حکمت عملی کے تحت پلاننگ کی جائے

Faisalabad(94 news) ڈپٹی کمشنر محمد علی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے تعلیمی روڈ میپ کے تحت ضلع کے سرکاری سکولوں میں تدریسی انتظام وانصرام کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے محکمہ تعلیم کے افسران اپنے فرائض تندہی سے انجام دیں تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کرکے ضلع فیصل آباد صوبائی سطح پر رینکنگ میں سرفہرست مقام حاصل کر سکے۔ انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ریویو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ڈی ایم او ثمینہ سیف نیازی نے مانیٹرنگ رپورٹس کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،ڈی او سکینڈری ایجوکیشن خالد اختراور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنرنے ضلع کے بعض تعلیمی اداروں میں طلبہ کی مطلوبہ شرح سے کم حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے سکولوں میں طالب علموں کی حاضری کی کڑی مانیٹرنگ پر زور دیا اور کہا کہ بچوں کے داخلوں کو برقرار رکھنے کیلئے موثر حکمت عملی کے تحت پلاننگ کی جائے اس ضمن میں والدین سے بھی گہرا رابطہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ عادی غیر حاضر ٹیچرز کا کڑا احتساب کیا جائے اور انہیں راہ راست پر لائیں تاکہ تعلیمی پالیسی کی کامیابی میں حائل رکاوٹ دور ہوسکے۔انہوں نے ایجوکیشن افسران سے کہا کہ وہ سکولوں کے باقاعدگی سے وزٹس جاری رکھیں اس ضمن میں ناقص انتظامی کارکردگی کی قطعاًََ گنجائش نہیں۔انہوں نے تعلیمی اداروں میں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی کا عمل تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی تاکید کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وہ بھی تعلیمی اداروں کے اچانک دورے کرکے تعلیمی وانتظامی اقدامات کا جائزہ لیں گے ۔اس موقع پر سی ای او ایجوکشن نے تعلیمی روڈ میپ پر عمل درآمد اور دیگر انتظامی امور سے آگاہ کیا۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Back to top button