National

A plan for beautification and upgradation of General Bus Stand Faisalabad has also arrived

Faisalabad (94 News City Reporter) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوامی بہبود کے منصوبوں کی خوبصورتی کے اقدامات پر عملدرآمد کے لئے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد نعمان صدیق نے جنرل بس اسٹینڈ فیصل آباد کی بیوٹیفکیشن اور اپ گریڈیشن کے مجوزہ پلان کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو منصوبے کو قابل عمل بنانے کے لئے مربوط حکمت عملی اختیار کرنے اور پلاننگ کے حوالے سے ضروری امور پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ اجلاس کے دوران جنرل بس اسٹینڈ کی تزئین و آرائش، خوبصورتی، ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مجوزہ منصوبے کے تکنیکی پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ چیف انجینئر فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (FDA) مہر ایوب نے اجلاس کو جنرل بس اسٹینڈ کی بیوٹیفکیشن کے مجوزہ پلان اور اس ضمن میں کیے جانے والے ابتدائی اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے منصوبے کے مجوزہ ڈیزائن اور متعلقہ امور پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ہدایت کی کہ جنرل بس اسٹینڈ کی تزئین و آرائش کے منصوبے کو شہری خوبصورتی، عوامی سہولت اور جدید شہری تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ منصوبے کی تیاری میں تمام متعلقہ محکموں کے مابین مؤثر رابطہ کاری اور مشاورت کو یقینی بنایا جائے تاکہ ایک جامع اور قابل عمل پلان مرتب کیا جا سکے۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سید نوید اقبال، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) محمد راشد، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ ایف ڈی اے عمر اقبال سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔//۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Back to top button