پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی کے عہدیداران بورسٹل جیل میں قید مسیحی بچوں کیساتھ کرسمس منانے بورسٹل جیل پہنچ گئے


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی کے عہدیداران بورسٹل جیل میں قید مسیحی بچوں کیساتھ کرسمس منانے بورسٹل جیل پہنچ گئے۔بورسٹل جووینائل انسٹیٹیوٹ میں کرسمس کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر میڈم صوفیہ رضوان، سپرنٹنڈنٹ ملک محمد آصف، نائب صدر پرزنرزویلفئیر سوسائٹی و صدر فیس فاؤنڈیشن میاں ندیم احمد، صدر کئیر فاؤنڈیشن یوسف عدنان، صدر معمار ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن فاروق ایوب، رضیہ شوکت، مسز حنا اسلم، نازلین اکرم، مسز محسن رضا ملک، میاں حمزہ، محمد عثمان و دیگر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مسیحی بچوں نے کیک کاٹا اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر کئیر فاؤنڈیشن، معمار ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور فیس فاؤنڈیشن کی جانب سی کیک، مٹھائی اور بچوں کی لئے گرم کپڑے تقسیم کئے گئے، وومن شیلٹر آرگنائزیشن کی جانب سے بچوں کیلئے گرم جرابیں، گرم ٹوپیاں اور رومال وغیرہ بھی تقسیم کئے گئے، سیلانی ویلفئیر فاؤنڈیشن کی جانب سے تمام بچوں اور جیل انتظامیہ و سٹاف میں کھانا تقسیم کیا گیا، اس موقع پر سمرنٹنڈنٹ ملک محمد آصف نے کہا کہ یہ پاکستان ہم سب کا ہے ہم نے ملکر اسکی تعمیر و ترقی کی لئے کوششیں کرنی ہیں۔ انہوں نے پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی کے عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر تہوار پر ان بچوں کیلئے کوئی نہ کوئی سرگرمی کرتے رہتے ہیں جو کہ خوش آئیند ہے۔ میڈم صوفیہ رضوان نے بچوں کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی بھی اس ملک کے شہری ہیں اور انکی خوشیاں ہماری خوشیاں ہیں ہمیں آج ان بچوں کیساتھ کرسمس کا کیک کاٹنا اور ان بچوں کیلئے تحائف لیکر آنا بہت اچھا لگ رہا ہے، میاں ندیم احمد، یوسف عدنان اور فاروق ایوب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پہلے ہی بین المذاہب ہم آہنگی پر کام کررہے ہیں، ہم ملک میں امن کی شمع روشن کرنے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔ ہم کرسمس، عید میلادلنبی، عیدالفطر، عیدالاضحی اور ایسٹر جیسے تہواروں پر اکٹھے ہوتے ہیں اور مسلم مسیحی اتحاد سے ملک آگے کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اور جلد ملک سے انتہا پسندوں کا خاتمہ ہوگا۔ اس موقع پر مسیحی بچوں نے کہا کہ آج تو ہمیں ہمارے گھر والے بھی نہیں ملنے آئے آپ لوگوں نے ہماری خوشیوں میں شامل ہوکر ہمارے بڑے ہونے کا ثبوت دیا ہے جس کیلئے ہم سب آپکے مشکور ہیں۔ سماجی کارکنوں نے اپنے ہاتھوں سے بچوں کو کیک اور مٹھائی کھلائی، اس موقع پر سب نے ملکی سلامتی کی دعا بھی کی۔




