قومی

تاریخی وثقافتی ورثہ کے تحفظ کے لئے ہمہ جہت اقدامات کئے جائیں گے، ڈویژنل کمشنر

فیصل آباد(94 نیوز)ڈویژنل کمشنر عشرت علی نے کہا ہے کہ فیصل آباد ڈویژن کے تاریخی وثقافتی ورثہ کے تحفظ کے لئے ہمہ جہت اقدامات کئے جائیں گے تاکہ اس خطہ کی قدیمی تہذیب وثقافت اور طرز زندگی سے متعلق تاریخی معلومات وعلوم کے بارے میں آئندہ نسلیں آشنا رہیں۔انہوں نے یہ بات لائل پور ہیریٹیج فاؤنڈیشن کے زیراہتمام تاریخی وثقافتی ورثہ اور قدیمی عمارتوں کے تحفظ کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ کے دوران کہی۔ڈپٹی کمشنر محمد علی،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ماریہ طارق،ڈائریکٹر لائل پور میوزیم طارق جاوید،ایڈمن آفیسر ریاض انجم ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ بازلہ منظور نے تاریخی عمارتوں اور ثقافتی ورثہ کے تحفظ کے حوالے سے مختلف تفصیلات سے آگاہ کیا۔ڈویژنل کمشنر نے ثقافتی ورثہ اور آثار قدیمہ میں گہری دلچسپی شغف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی عمارتیں اور انکا طرز تعمیر،مختلف شعبوں کی نامور شخصیات اور ان سے وابستہ ورثہ،دستکاریاں،سماجی تمدن اور ترقی کے ارتقائی مراحل نہ صرف کسی بھی خطہ کی شناخت وپہچان کی حیثیت رکھتے ہیں بلکہ یہ ثقافتی ورثہ آئندہ نسلوں کے لئے تاریخی معلومات کے ساتھ ساتھ ترقیاتی جستجو اور شاندار روایات و ثقافت سے جڑے رہنے کی ترغیب دیتا ہے جس سے معاشرے کے حقیقی اقدار کو پروان چڑھانے میں مدد ملتی ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع میں نامور تاریخی شخصیات وہیروز،قدیمی مساجد،مدارس،گرجا گھروں،گورد واروں،مندروں ودیگر عبادت گاہوں کے علاوہ اولیا کرام کے مزارات،یادگاروں،صدیوں پرانی عمارات، آلات فنون وپیشہ ودیگر آثار قدیمہ وثقافتی اشیاء کی نشاندہی کرکے باقاعدہ ڈائریکٹری مرتب کی جائے جن کے تحفظ اور تزئین وبحالی کے سلسلے میں ترجیحات کا تعین کرکے ان کی ویڈیو گرافی اور دستاویزی فلیمیں بنائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ تاریخی وثقافتی ورثہ کی نشاندہی اور تحفظ کے اقدامات کا سلسلہ رکنا نہیں چاہیے اس ضمن میں ثقافتی وتاریخی علوم ومعلومات کا شوق وجنون رکھنے والے افراد کی تلاش کرکے ان کی رضا کارانہ خدمات حاصل کی جائیں۔اس ضمن میں ہیرٹیج کلب قائم کرکے انہیں نمائندگی دی جائے۔انہوں نے پنجابی زبان،پنجابی اکھان وبولیوں اور علاقائی ثقافت کے ادب وفن کو بھی محفوظ بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے ثقافتی وتاریخی ورثہ کو اجاگر کرنے کے لئے تعلیمی اداروں میں تقریری و تصویری مقابلہ جات،ماڈلز کی تنصیب اوردیگر نوعیت کے آگاہی پروگرامز منعقد کرنے کی بھی تاکید کی اور کہا کہ تاریخی عمارتوں،ثقافتی ورثہ کے بارے میں لوگوں کی رہنمائی وآگاہی کے لئے یکساں ڈیزائن واقسام کے بورڈ نصب کرنے کے لئے اقدامات کریں۔اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ لائل پور ہیرٹیج فاؤنڈیشن کے زیراہتمام گھنٹہ گھر،گمٹی،قیصری دروازہ،ضلع کونسل بلڈنگ،علامہ اقبال لائبریری بلڈنگ،ضلع کچہری کی قدیمی عمارت،کیتھولک چرچ سرکلر روڈ،پیٹر چرچ چناب کلب چوک،دارالعلوم عبداللہ پور،شہید احمد خاں کھرل ہاؤس،حویلی بھگت سنگھ،لائل پور ہاؤس،گوردوارہ گورنمنٹ پاکستان ماڈل سکول،گنگا پور،مسلم ہائی سکول طارق آباد،یادگار لائل جیمزجناح باغ،گورا قبرستان،مزار نصرت فتح علی خاں ودیگر تاریخی عمارتوں کی نشاندہی کرکے ان کی تزئین و بحالی کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد علی نے بتایا کہ ثقافتی ورثہ وتاریخی عمارات کے تحفظ وبحالی میں معاونت کے لئے مقامی صنعتکاروں کی طرف سے پیشکش کی گئی ہے جس کے لئے منصوبہ سازی کی جارہی  ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی ثقافتی تاریخ کو محفوظ بنانے کے لئے نئی جہت کے تحت اقدامات کریں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button