تقریبات/سیمینارزقومی

ایک دن کی اعزازی ڈپٹی کمشنر کو ڈپٹی کمشنر شیلڈ دے رہے، مروا بسرانے میڈیا ٹاک بھی کی

مروا بسرا کا کمشنر آفس، آر پی او آفس اور اپنے سکول کا دورہ

فیصل آباد(94 نیوز) پاکستان کی تاریخ اور ضلع کی 118 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایک طالبہ کو ایک دن کا اعزازی ڈپٹی کمشنر بنانے کا اعزازفیصل آباد کے موجودہ ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے حاصل کرلیا جن کے اعلان کے بعدنصابی وہم نصابی سرگرمیوں میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والی گورنمنٹ گرلزماڈل ہائر سیکنڈری سکول پیپلز کالونی نمبر 1 کی طالبہ مروا بسرا نے ایک دن اعزازی ڈپٹی کمشنر کے طور پر خدمات انجام دیں۔

ڈپٹی کمشنر کی زیر استعمال گاڑی نے انہیں ان کی رہائش گاہ رچنا ٹاؤن سے لیکر ڈپٹی کمشنر آفس پہنچایا جہاں ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے ان کاپرتپاک استقبال کیا اور مروا بسرا کو پنجاب پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ مروا بسرا کی والدہ ٹیچر خالدہ پروین، بڑی بہن مناہل بسرا اور بڑے بھائی مشاہد حسین بسرا بھی اعزازی ڈپٹی کمشنرکے ہمراہ تھے۔ اعزازی ڈپٹی کمشنر نے ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ کے ہمراہ ڈی سی کمپلیکس میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا جبکہ مروا کی والدہ،بہن اور بھائی نے بھی شجرکاری کی۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے اعزازی ڈپٹی کمشنر کوسول ڈیفنس کا رضا کار بنایا اور انہیں سرٹیفیکیٹ وکیپ پیش کی۔ ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے اعزازی ڈپٹی کمشنر کو ضلع میں انسداد ڈینگی مہم پر عملدرآمد کی پیشرفت پر بریفنگ دی اور کہا کہ انسدادی اقدامات کو ہمہ وقت چوکس رکھا گیا ہے۔ انہوں نے 21 نومبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے مائیکروپلان اور انتظامات سے بھی آگاہ کیا۔اعزازی ڈپٹی کمشنر نے انسداد پولیو وڈینگی مہم کے کامیاب نتائج کو سراہا اور کہا کہ انسداد ڈینگی مہم میں سکول ٹیچرز کی خدمات حاصل کی جائیں جو کہ نہ صرف معلم بلکہ طالب علموں کی درکار خطوط پر تربیت بھی کرتے ہیں۔

اعزازی ڈپٹی کمشنر نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ کے انقلابی اقدام کو سراہا اور کہا کہ ایک دن کا اعزازی ڈپٹی کمشنر بننا ان کے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے اور ان یادگار لمحات کو وہ زندگی بھر فراموش نہیں کرسکتیں۔انہوں نے کہا کہ شہری علاقائی تعمیر وترقی اور خوبصورتی کے اقدامات میں ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں تاکہ مشترکہ کاوشوں سے فیصل آباد کو مزید ترقی کی منازل تک لے جایا جاسکے۔ مروا بسرا نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ طالب علموں کی صلاحیتوں کا اعتراف قابل ستائش اقدام ہے جس کے لئے وہ عمران حامد شیخ کی مشکور ہیں۔انہوں نے طالب علموں سے کہا کہ وہ ہار کا خوف دل سے نکال کر جیت کی لگن پیدا کریں تو کامیابی ان کے ہمیشہ قدم چومے گی۔ مروا بسرا نے اپنی والدہ کی رہنمائی کا بھی شکریہ اداکیا۔ ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے کہا کہ ایک دن کا اعزازی ڈپٹی کمشنر بنانے کا آئیڈیا آج شرمندہ تعبیر ہوا اور ضلع کی ہونہار طالبہ کو اس اہم انتظامی سیٹ پر بیٹھا دیکھ کر خوشی محسوس ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ مستقل بنیادوں پر ہر سال نصابی وہم نصابی سرگرمیوں میں اعلی ترین کارکردگی اور میٹرک کے ٹاپر طالب علموں کی حوصلہ افزائی کے لئے جاری رہے گا جبکہ میرٹ لسٹ میں دسویں نمبر تک آنے والے طالب علموں کو بھی آنے والے ایام میں ایک دن کا اعزازی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز واسسٹنٹ کمشنرز بنانے کا ارادہ ہے۔انہوں نے مائی پلانٹ مائی کلاس فیلو کے اچھوتے اقدام کا ذکر کیا اور کہا کہ لگایا جانے والا یہ پودا بھی طالب علموں کے ساتھ اگلی کلاس میں پروموٹ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ شہر کو ترقی کے لحاظ سے مثالی بنانا ترجیح ہے جس کے لئے میڈیا نمائندگان کی نشاندہی پر بھی فی الفور اقدامات کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے اعزازی ڈپٹی کمشنر مروا بسرا کو یادگاری شیلڈ اور تحائف بھی پیش کئے۔اعزازی ڈپٹی کمشنر نے ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ ڈویژنل کمشنر محمد شاہد نیاز سے ان کے آفس جاکر ملاقات بھی کی۔ڈویژنل کمشنر نے ان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایک دن کا اعزازی ڈپٹی کمشنر بننے پر مبارکباد دی اور کہا کہ نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں جن کی حوصلہ افزائی کے اقدامات ان کی شخصیات پر گہرا اثر ڈالتے ہیں۔انہوں نے عمران حامد شیخ کی طرف سے اعزازی ڈپٹی کمشنر بنانے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ ڈویژن کے دیگر اضلاع کو بھی پیروی کرنی چاہیے۔دریں اثناء مروا بسرا نے آرپی او آفس کا بھی دورہ کیا اور آرپی او معین مسعود سے ملاقات کی۔آرپی او نے طالبہ کی صلاحیتوں اور ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ کے اقدام کی تعریف کی۔انہوں نے اعزازی ڈپٹی کمشنر کو ریجن میں امن وامان کے قیام کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔اعزازی ڈپٹی کمشنر مروا بسر نے اپنے آبائی سکول گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائر سیکنڈری سکول پیپلز کالونی نمبر 1 کا بھی دورہ کیا جہاں سے انہوں نے میٹرک کا امتحان اعلی نمبروں سے پاس کیا اور اسی بنیاد پر وہ ایک دن کی اعزازی ڈپٹی کمشنر منتخب ہوئیں۔پرنسپل ادارہ،اساتذہ اور ساتھی طالبات نے مروا بسرا کا پرتپاک استقبال کیا۔مروا نے اپنی کلاس کا بھی وزٹ کیا اور اساتذہ کرام کا شکریہ ادا کیا جن کی محنت کی بدولت آج انہوں نے ایک دن کا اعزازی ڈپٹی کمشنر ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔دن کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر کی طرف سے مروا بسرا کو ان کی رہائش گاہ بھجوایا گیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button