قومی

ایمنسٹی سکیم بری طرح ناکام ہو گئی،عمران خان اپنی حکومت بچانے کیلئے عوام پر بوجھ نہ ڈالیں،سراج الحق

ثمر باغ(94 نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی ایمنسٹی سکیم کرپشن کی دولت کے تحفظ کے لیے تھی جس کا مقصد سرمایہ داروں او ر جاگیرداروں کو فائدہ پہنچانا تھا،حکومت جاگیرداروں ، سرمایہ داروں ، بڑ ے صنعتکاروں اور اشرافیہ سے ٹیکس وصولی میں ناکام ہوگئی ہے،ایمنسٹی سکیم بھی بری طرح ناکام ہوگئی ہے جبکہ حکومت نے آٹا ، گھی ، چینی اور دالوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر کے غریب عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے،ایک طرف کوئی کاروبار اور روزگار نہیں تو دوسری طرف مہنگائی نے دو وقت کا کھانا بھی مشکل بنادیاہے,وفاقی حکومت گزشتہ دس سال کی بجائے 20 سال کی مدت کے دوران لیے گئے قرضوں کا حساب لینے کے لیے انکوائری کمیشن بنائے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ گیس ، بجلی، تیل کی قیمتوں اور ٹیکسوں میں بے پناہ اضافہ ہونے سے ملک بھر میں ہزاروں چھوٹے صنعتی اور گھریلو یونٹ بند ہیں، لاکھوں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں،چھوٹا کاروباری طبقہ انتہائی پریشان اور مشکلات کاشکار ہے،حکومت نے فوری طور پر اس طرف توجہ نہ دی تو فاقہ کشی کے ہاتھوں لاکھوں لوگ موت کے منہ میں جاسکتے ہیں،حکومت لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنا بند کرے ،مہنگائی اور ٹیکسوں سے سب سے زیادہ متاثر وہ لوگ ہوتے ہیں جن کے گھروں میں پہلے ہی غربت نے ڈیرے ڈال رکھے تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ حکمرانوں نے جاگیرداروں ، سرمایہ داروں کو خوش کرنے کے لیے چھوٹے لوگوں پر بے دریغ ٹیکسوں کی بھر مار کردی ہے،حکومت اپنے اصل ہدف کو چھوڑ چکی ہے،ہر روز عوام کا خون نچوڑنا حکومت نے اپنا فرض سمجھ لیاہے، عمران خان اپنی حکومت بچانے کیلئےعوام پر بوجھ ڈالنا بند کریں ۔ وفاقی حکومت گزشتہ دس سال کی بجائے بیس سال کی مدت کے دوران لیے گئے قرضوں کا حساب لینے کے لیے انکوائری کمیشن بنائے،انکوائری کمیشن بیس سال کی مدت میں اندرون وبیرون ممالک سے لیے گئے قرضوں, سرمایہ کاری, اخراجات,ترقیاتی منصوبوں کے لیے رقوم اور حکومتی فنڈز میں غبن اور کرپشن کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن تشکیل دے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button