قومی

ایف ڈی اے شہری ترقی و تفریح کیلئے بزنس ماڈلز تیار کرے، کمشنر راجہ جہانگیر انور

فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہری ترقی اور تفریحی سہولیات کے منصوبوں کے حوالے سے ایف ڈی اے افسران کو بزنس ماڈلز تیار کرنے کاحکم دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ اس ضمن میں جامع تجاویز جلد مرتب کی جائیں۔ انہوں نے یہ حکم ایف ڈی اے افسران کی طرف سے ترقیاتی اور انتظامی امور کے حوالے سے دی جانیوالی بریفنگ کے دوران جاری کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایف ڈی اے کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں اور مالی وسائل میں اضافہ کے لئے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈنیشن عامر رضا، چیف انجینئر مہرایوب، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نوید رندھاوا کے علاوہ ایف ڈی اے کے ڈائریکٹرز اسماء محسن، جنید حسن منج، یاسراعجاز چٹھہ، سہیل مقصود پنوں، عاصم محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ طلحہ تبسم و دیگر افسران موجود تھے۔ کمشنر فیصل آباد نے ایف ڈی اے کے مجوزہ منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہری ترقی اور تفریحی سہولیات میں توسیع کے لئے اپنے وسائل سے فنڈز کا بندوبست کیا جا سکتا ہے اس سلسلے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اصولوں کے تحت خواہش مند سرمایہ کاروں کی شرکت کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے ماسٹر پلاننگ کے تحت ایف ڈی اے سٹی میں سپورٹس کمپلیکس کی توسیع کے مجوزہ منصوبوں میں منی سینما، پیڈل ٹینس کورٹ، باؤلنگ ریلے، ای گیمنگ، لان ٹینس (گرین ٹرف)، ایونٹ ہال کے قیام، فائن ڈائننگ ریسورنٹ، گیسٹ ہاؤس، ڈے کیئر سنٹر، سیلون، بیسمنٹ پارکنگ و دیگر سہولیات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان تفریحی منصوبوں سیمت ایکو فاریسٹ اینڈ نیچرل پارک میگا پراجیکٹ کی تکمیل کے لئے بزنس تجاویز تیار کریں۔ انہوں نے مالی وسائل میں اضافہ کے لئے نادرا، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی، پنجاب گورنمنٹ سرونٹس ہائوسنگ فائونڈیشن اور دیگر اداروں کو کروڑوں روپے مالیت کی اراضی فروخت کرنے کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ایف ڈی اے کے مالی استحکام کے لئے مزید اقدامات کو آگے بڑھائیں ۔کمشنر فیصل آباد نے پرائیویٹ ہائوسنگ سکیموں کے معاملات میں قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کاحکم دیا اور کہا کہ پلاٹس کی فروخت میں فائل مافیا کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے ۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے بتایا کہ سپورٹس کمپلیکس میں پیڈل ٹینس کورٹ کے منصوبے پر ترقیاتی کام جاری ہے جسکو تی زرفتاری سے تیار کر کے 25 دسمبر2025 کو افتتاح کرنے کا پروگرام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سپورٹس کمپلیکس کے توسیعی منصوبوں کے لئے دستیاب ملحقہ اراضی کو بروئے کار لایاجائیگا ۔انہوں نے ایف ڈی اے سٹی کے ڈویلپ اور ان ڈویلپ ایریا میں دستیاب اراضی کو مختلف سرکاری اداروں کو فروخت کرنے کے اقدامات اور حالیہ نیلام عام کے ذریعے مختلف پلاٹس کی فروخت کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button