تقریبات/سیمینارز

انڈیا کے مقبوضہ کشمیر میں غاصبانہ قبضہ اور ظلم و ستم کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا، ریلی کی قیادت کمشنر، آرپی او، ڈی سی اور ارکان اسمبلی لطیف نذر نے کی

فیصل آباد (94 نیوز) ضلع بھر میں انڈیا کے مقبوضہ کشمیر میں غاصبانہ قبضہ اور ظلم و ستم کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا اس سلسلے میں ضلع کی تحصیلوں،قصبوں اور دیگر مقامات پر احتجاجی ریلیاں منعقد ہوئیں اورمختلف شاہراؤں، مارکیٹوں دیگر عوامی مقامات پر یوم سیاہ کے حوالے سے سیاہ پرچم اور بینرز آویزاں کئے گئے تھے۔

ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم سیاہ کے موقع پر انڈین جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز کارروائیوں کی بھر پور مذمت کے لئے مرکزی سیمینار ضلع کونسل کے جناح ہال میں منعقد ہوا جسکی صدارت ڈویژنل کمشنر عشرت علی نے کی۔ آر پی او راجہ رفعت مختار، ڈپٹی کمشنر محمد علی،ارکان اسمبلی لطیف نذر،فردوس رائے،ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم دیگر محکموں کے افسران، سٹاف ممبران،طالب علم اور سول سوسائٹی کے افراد سیمینارمیں موجود تھے۔

ڈویژنل کمشنرعشرت علی نے کہا کہ27،اکتوبر مقبوضہ کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب 1947ءمیں اس دن بھارت نے کمشیریوں کو دبانے،خوفزدہ کرنے،انہیں محکوم بنانے اور مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کرنے کے لئے اپنی افواج سرینگر میں اتاریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے خلاف جبر و استبدار اور بے پناہ مظالم کے خلاف خاموش نہیں رہ سکتی اور عالمی منصفوں کے ضمیر کو جگانے اور 73سال سے ظلم وستم سہنے والے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے تک چین سے بیٹھیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج یوم سیاہ منانے کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں ناانصافیوں اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے ظلم کے بارے میں دنیا کو موثر انداز میں آگاہ کرنا ہے۔انہوں نے انسانی حقوق پر کام کرنے والی عالمی این جی اوز کو جھجھوڑتے ہوئے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ساڑھے چارسو دن سے نافذ کرفیو کو ہٹوانے میں بھی کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کل بھی ان کے ساتھ کھڑی تھی اور مشکل کی گھڑی میں آج بھی ان کے ساتھ ہے اور آنے والے وقت میں بھی کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گی۔آر پی اونے کہا کہ کشمیر کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہونے والا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم اور بے گناہ کشمیریوں پربدترین ظلم وبربریت کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور شہ رگ کو کبھی جدا نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی کشمیریوں کے سفیر اور ان کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ شریک ہیں،کشمیریوں کی لازوال قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ انہوں نے کشمیری حریت پسندوں کوسلام پیش کیا اور کہا کہ کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ارکان اسمبلی نے کہا کہ آزادی کے حصول کے لئے لاکھوں کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور آزادی کی یہ جنگ اب فیصلہ کن مراحل میں داخل ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پر ہر دور کے حکمرانوں نے موقف پیش کیا لیکن وزیر اعظم عمران خان نے ہر فورم پر پوری دنیا کی امت مسلمہ کی نمائندگی کے ساتھ کشمیریوں کی بھی بھرپور ترجمانی کی جس کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کشمیر کی آزادی کی جنگ ہر فورم پر لڑ رہے ہیں اور انشا اللہ کشمیری جلد آزادی کی نعمت حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے شہدا کا خون ہم پر قرض ہے جسے چکانے کے لئے اپنے خون کے آخری قطرے تک ان کی اخلاقی،سفارتی امداد جاری رکھنی ہے۔

کشمیریوں سے یکجہتی کے لئے منعقدہ سیمینار کے دوران شرکا نے کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے جبکہ طالب علموں نے ملی نغموں اور ٹیبلوز سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔

سیمینار کے اختتام پرضلع کونسل چوک سے بڑی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت کمشنر عشرت علی نے کی۔ڈپٹی کمشنر محمد علی،ارکان اسمبلی، افسران،طالب علم اور ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کثیر تعداد میں شریک تھے جنہوں نے”کشمیری مانگے انصاف“،”انصاف میں تاخیر انصاف سے انکار“،”مقبوضہ کشمیر میں انصاف خاموش کیوں ”،”کشمیر میں بھارتی جارحیت غیر قانونی“اور دیگر تحریروں پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے۔ریلی خلیق قریشی روڑ،پریس کلب سے ہوتی ہوئی کچہری بازار چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔کمشنر نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا اپنے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی تحریک کو نہیں دبا سکتا کیونکہ آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے جو انہیں ہر صورت مل کر رہے گا۔انہوں نے کہا کہ انڈین فورسز کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی قوم متحد ہے اور کشمیریوں کی ہر طرح سے حمایت جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ چالاک اور مکار مودی حکومت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے اور اب زیادہ دیر تک مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ برقرار نہیں رہ سکتا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button