فیصل آباد:واسا، ضلعی انتظامیہ ومحکمہ تحفظ ماحولیات نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مزید 4 صنعتی یونٹس سیل کر دئیے


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) واسا فیصل آباد ، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تحفظ ماحولیات کی مشترکہ کاروائیوں کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مزید 4 صنعتی یونٹس سیل کر دئیے گئے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی جانب سے شہر بھر میں قائم صنعتی یونٹس کی انسپکشن ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس میں واسا فیصل آباد ، ضلعی انتظامیہ ، محکمہ تحفظ ماحولیات کے افسران شامل تھے اور انہیں ایسے صنعتی یونٹس جو کہ واسا اور تحفظ ماحولیات کے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد نہیں کررہے تھے ان کی انسپکشن کرنے کی ہدایت کی تھی۔ اس ضمن میں مینجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے کہا کہ شہری علاقوں میں قائم صنعتی یونٹس کو وارننگ نوٹسز جاری کئے گئے تھے جس میں انہیں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے یا پھر سیپٹک اور سلٹ ٹینک تعمیر کرنے کی ہدایت کی گئی تھی اور واضح کیا گیا تھا کہ وہ ان ہدایات پر عمل درآمد کریں بصورت ان کے صنعتی یونٹس سیل کر دئیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ روز واسا فیصل آباد ، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تحفظ ماحولیات کے افسران پر مشتمل ٹیم نے سمن آباد کے علاقہ مجاہد آباد میں مختلف صنعتی یونٹس کی انسپکشن کی اور جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر 4 صنعتی یونٹس کو سیل کر دیاگیا جس کی رپورٹ ڈپٹی کمشنر کو بھجوا دی گئی ہے۔ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے واضح کیا کہ مون سون سیزن میں شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سروسز کی فراہمی اولین ترجیح ہے لیکن ایسے صنعتی یونٹس جو اپنا ویسٹ واٹر ڈائریکٹ واسا کی سیوریج لائنز میں ڈالتے ہیں سب سے بڑی رکاوٹ بن چکے ہیں جس پر ایک طرف شہریوں کو سیوریج کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ دوسری طرف واسا فیلڈ سٹاف پر کام کا بوجھ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام صنعتی یونٹس جاری کردہ ایس او پیز پر بھرپور عمل درآمد کریں بصورت ان کے یونٹس سیل کر کے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



