گورنمنٹ گریجویٹ کالج آف ہوم اکنامکس برائے خواتین میں کثیر الجہتی نمائش کا انعقاد، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر بشریٰ ظفر کی خصوصی شرکت


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) گورنمنٹ گریجویٹ کالج آف ہوم اکنامکس برائے خواتین میں کثیر الجہتی نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ جات کی طالبات نے اپنے تخلیقی اور سائنسی ماڈلز پیش کیے۔ ڈائریکٹر کالجز فیصل آبادپروفیسر بشریٰ ظفر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس نمائش میں فزکس، کیمسٹری، بائیولوجی، کمپیوٹر سائنس، ہوم اکنامکس، فائن آرٹس اور جغرافیہ کی طالبات نے اپنے نظریاتی تصورات کو تخلیقی انداز میں ماڈلز، پراجیکٹس اور تصویری نمائندگی کی صورت میں پیش کیا۔ طالبات نے بڑے جوش و خروش کے ساتھ مہمانوں کو اپنے ماڈلز کے نظریاتی پس منظر اور عملی طریقہ کار سے آگاہ کیا۔
محترمہ بشریٰ ظفر نے طالبات کی صلاحیتوں اور اساتذہ کی محنت کو سراہا اور عملی مہارتوں کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش پنجاب حکومت کے اس وژن کی عکاسی کرتی ہے، جس کا مقصد طالبات کی عملی صلاحیتوں کو نکھار کر ان کے روزگار کے مواقع بڑھانا ہے۔
بعد ازاں مہمانِ خصوصی نے کالج کے تعلیمی بلاکس، لائبریری، کمپیوٹر لیبز اور ڈے کیئر سینٹر کا بھی دورہ کیا اور طالبات کے شاندار فن پاروں کو بے حد سراہا۔ انہوں نے کالج انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ کو اس کامیاب نمائش کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور ایسی تعلیمی سرگرمیوں کو مستقبل میں بھی جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔



