گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں وزیراعظم یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر کی اپگریڈیشن اور انٹرن شپ آفس کا افتتاح کردیا گیا


فیصل آباد(94 نیوز میاں ندیم احمد) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی میں انٹرن شپ آفس کا افتتاح اور وزیراعظم یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر کی اپگریڈیشن کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب کی مہمان خصوصی وائس چانسلرپرو فیسر ڈاکٹر کنول امین(تمغۂ امتیاز) تھیں ۔انٹرن شپ آفس اور وزیراعظم یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر طالبات کے لیے ایک ون ونڈو پلیٹ فارم کے طور پر قائم کیا گیا ہے۔ جس کا مقصد طالبات کی قیادت سازی، مہارتوں میں اضافے کے پروگرامز اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت قومی سطح پر نوجوانوں سے متعلق اسکیموں تک رسائی کو آسان بنانا ہے ۔وزیر اعظم یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر کے اشتراک سے قائم یہ آفس طالبات کی انٹرن شپ سے متعلق ضروریات کے لیے ایک مرکزی سہولت کے طور پر کام کرے گا۔ طالبات کو انٹرن شپ کی تقرری، میزبان اداروں کے ساتھ رابطہ، دستاویزی امور، انٹرن شپ رپورٹس کی تیاری اور جانچ کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرے گا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے کہا کہ یونیورسٹی تدریسی ماحول اور پیشہ ورانہ شعبہ جات کے درمیان فاصلے کو کم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرن شپ آفس کا قیام طالبات میں ملازمت کی قابلیت پیدا کرنے اور انہیں عملی زندگی کے لیے تیاری میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔افتتاحی تقریب میں پرو وائس چانسلر پرو فیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی، وزیراعظم یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر / انٹرن شپ آفس کی کنوینرڈاکٹر سمیرا انور ، کمیٹی کے اراکین، فیکلٹی کوآرڈینیٹر، اور انچارج شعبہ جات نے شرکت کی۔



