کھیل

آر پی او ہیرو کبڈی ٹورنا منٹ کا افتتاح اجمل چیمہ،آر پی او، کمشنر،سی پی او،ندیم صادق ڈوگر اور بابر ڈوگر نے کردیا

فیصل آباد (94 نیوز) کبڈی پنجاب کی ثقافتی شناخت ہے ایسی کھیلوں کا تسلسل سے انعقاد ایک زندہ، متحرک اور فعال معاشرے کی علامت ہے جو نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرکے انہیں سماجی برائیوں سے دور رکھتی ہے، یہ گفتگو صوبائی وزیر سوشل ویلفئیر اینڈ بیت المال محمد اجمل چیمہ نے اقبال اسٹیڈیم میں یوتھ پارلیمنٹ پاکستان کے زیر اہتمام تین روزہ آر پی او ہیرو کپ کبڈی ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کہی۔ اس موقع پر کمشنر محمود جاوید بھٹی، آر پی او غلام محمود ڈوگر، سی پی او اشفاق احمد خان، سی ٹی او علی رضا، ارکان اسمبلی لطیف نذر،شکیل شاہد، وایس چانسلر جی سی ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر صوفیہ انور، مرکزی رہنما یوتھ پارلیمنٹ سردار ندیم صادق ڈوگر، ڈویژنل و ڈسٹرکٹ سپورٹس افسران طارق نذیر، رانا حماد اقبال، کئر ٹیکر اقبال اسٹیڈیم نوید نذیر کے علاوہ شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اجمل چیمہ نے ہیرو کپ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کھیلوں اور کھلاڑیوں کی بھر پور سرپرستی کررہی ہے اور وزیر اعظم پاکستان نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں دیکھنا اور اپنی مہارت سے پاکستان کا نام سربلند کرنے کے خواہاں ہیں جس کے لئے کھیلوں کے مقابلے ممدو معاون ثابت ہو رہے ہیں،

کمشنر غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ نوجوان ہی قوم کا مستقبل ہیں جنہیں ذہنی اور جسمانی طور پر توانا اور مضبوط ہونا چاہئے، انہوں نے کہا کہ شائقین کو  کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں کی ترویج کے لئے ایسے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

سردار ندیم صادق ڈوگر نے کہا کہ یوتھ پارلیمنٹ نوجوانوں کے لئے کھیلوں کی سرگرمیوں کا یہ سلسلہ جاری رکھے گی۔ ٹورنامنٹ میں آر پی او الیون، ساند بار الیون، پاکستان واپڈا،پاکستان ریلویز،پاکستان آرمی،پاکستان ائیر فورس، اور سوئی گیس کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں،

 

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button