کھیل

ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرا سری لنکا میں ہوگا

94 نیوز۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے عہدیدار ارون دھومال نے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں جائے گی۔

آئی سی سی میٹنگز کے لیے ڈربن میں موجود ارون دھومال نے نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایشیا کپ کا شیڈول جے شاہ اور ذکاء اشرف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں فائنل کیا گیا۔ لیگ مرحلے کے 4 میچز ہی پاکستان میں کھیلے جائیں گے جبکہ پاک بھارت میچ سمیت باقی 9 میچز سری لنکا میں ہوں گے۔ پاک بھارت ٹیمیں اگر فائنل میں پہنچتی ہیں تو یہ بھی سری لنکا میں ہوگا۔

ارون دھومال کے مطابق جے شاہ اور ذکاء اشرف کی ملاقات میں صرف ایشیا کپ کے شیڈول پر بات ہوئی، بھارتی ٹیم یا بھارتی بورڈ کے سیکریٹری کے پاکستان جانے کے معاملے پر بات نہیں ہوئی۔

رپورٹس کے مطابق پاکستان ایشیا کپ میں صرف نیپال کے خلاف میچ ہوم گراؤنڈ پر کھیلے گا جبکہ باقی تین میچز بنگلادیش، سری لنکا اور افغانستان کے درمیان ہوں گے۔

سری لنکا میں ایشیا کپ کے میچز دمبولا میں ہونے کا امکان ہے، پاک بھارت میچ بھی یہیں ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ 31 اگست سے 17 ستمبر تک شیڈول ہے، اے سی سی ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ کا پہلے ہی اعلان کرچکی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button