قومی

نواز شریف،زرداری کے ساتھ جیل میں عام آدمی جیسا سلوک نہ کرنے تک حکومت کامیاب نہیں ہوگی: فواد چوہدری

گوجرانوالہ (94نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت اس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتی جب تک نواز شریف، آصف زرداری اور ان کے چمچوں کڑچھوں کے ساتھ جیل میں وہی سلوک نہیں ہوتا جیسا ایک عام آدمی کے ساتھ ہوتا ہے۔

عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ چور پہلے بھی اکٹھے تھے اب بھی اکٹھے ہیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی سوچ ایک ہی ہے۔ جیل میں قاتل امام اور چور مقتدی ہوتے ہیں ، اپوزیشن کا حال وہی ہے جو جیل میں نماز کا ہوتا ہے۔کراچی اورلاڑکانہ سے پیسہ نکلتا ہے اور پتا چلتا ہے کہ لانچ میں دبئی پہنچ گیا۔ لاہور کا پیسہ لندن میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کی صورت میں نکل آیا، ان دونوں جماعتوں نے پاکستان کا مذاق بنا رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے 11 دفاتر بنا رکھے تھے ، جاتی امراءکی دیوار بنانے کیلئے 27 کروڑ روپے لگادیے گئے۔ عمران خان مردِ حر ہیں جو وزیر اعظم ہوتے ہوئے ایک روپیہ بھی سرکار کے خزانے سے نہیں لیتے۔ عمران خان خود کو جوابدہ سمجھتے ہیں اور مانتے ہیں کہ ایک ایک روپیہ پاکستان کے عوام کی امانت ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو پاکستان کے ہسپتال پسند نہیں آرہے، 30 سال حکمرانی کرنے کے بعد آپ کو ہسپتال پسند نہیں آرہے، آپ کو ابھی بھی وی وی آئی پی پروٹوکول ملا ہوا ہے۔ جس طرح کی جیل انہیں ملی ہوئی ہے ، اسے دیکھ کر آدھے پاکستانی کہیں گے کہ ہمیں جیل میں ڈال دو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امیر اور غریب کیلئے الگ قوانین ہیں، امیر آدمی کیلئے جیل فائیو سٹار ہوٹل بن جاتا ہے جبکہ غریب آدمی کا برا حال ہوتا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اس وقت کامیاب نہیں ہوگی جب نواز شریف، آصف زرداری، خواجہ سعد رفیق اور ان کے چمچوںکڑچھوں کے ساتھ وہی سلوک نہیں ہوتا جو ایک عام آدمی کے ساتھ ہوتا ہے۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ حکومت کو 6 ماہ میں سفارتی محاذپر اہم کامیابیاں ملیں ،اس وقت تمام ممالک پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں ، پاکستان سعودی عرب اور یمن کے درمیان ثالث کا کرداراداکررہا ہے۔

حج سبسڈی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے ایک بار پھر سابق حکمرانوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ آپ نے غریبوں کی جیبوں میں چھوڑا ہی کیا ہے کہ کسی دوسرے کو سبسڈی دے سکیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button