ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے اعزاز میں فیصل آباد پریس کلب کی جانب سے پروقار الوداعی تقریب، ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری بھی ہمراہ تھے

گروپ لیڈر شاہد علی، صدر سردار محمد بلال ڈوگر، سیکرٹری شوکت علی وٹو، سینئر نائب صدر میاں کاشف فرید، نائب صدور زاہد محمود ڈوگر اور محمد کاشف، فنانس سیکرٹری رانا محسن فاروق، انفارمیشن سیکرٹری افشاں بتول، حنان بخاری، سابق صدر پریس کلب مقبول احمد لودھی، صدر فوٹو جرنلسٹس محمد طاہر، سیکرٹری تایا بشیر، میاں ندیم احمد، رانا زاہد محمود و دیگر شخصیات کی شرکت

فیصل آبا(94 نیوز سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے اعزاز میں فیصل آباد پریس کلب کی جانب سے پروقار الوداعی تقریب منعقد ہوئی، جہاں انہوں نے پریس کلب کے نو تعمیر شدہ کانفرنس ہال کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد سے راولپنڈی تبدیل ہونےوالے ڈپٹی کمشنر کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد پریس کلب میں ہوا، گروپ لیڈر شاہد علی، صدر سردار محمد بلال ڈوگر، سیکرٹری شوکت علی وٹو، سینئر نائب صدر میاں کاشف فرید، نائب صدور زاہد محمود ڈوگر اور محمد کاشف، فنانس سیکرٹری رانا محسن فاروق، انفارمیشن سیکرٹری افشاں بتول، حنان بخاری سمیت پریس کلب کے عہدیداران نے مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ سابق صدر پریس کلب مقبول احمد لودھی، صدر فوٹو جرنلسٹس محمد طاہر، سیکرٹری تایا بشیر، میاں ندیم احمد، ایگزیکٹو ممبر رانا زاہد محمود اور دیگر شخصیات بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔ گروپ لیڈر شاہد علی نے کہا کہ کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے میرٹ اور عوامی خدمت سے فیصل آباد میں ایک بہترین مثال قائم کی۔ وہ ہمیشہ صحافی برادری کے لیے قابلِ رسائی رہے اور میڈیا کو اپنا شراکت دار سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی ترقی، شفافیت اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور انہیں راولپنڈی میں نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صدر پریس کلب سردار محمد بلال ڈوگر نے کہا کہ آنے والوں کو خوش آمدید کہا جاتا ہے مگر آج ہمیں ایک ایسے افسر کو الوداع کہنا پڑ رہا ہے جو حقیقی معنوں میں میڈیا فرینڈلی تھے۔ ایسے افسر بہت کم ملتے ہیں۔ راولپنڈی کے عوام خوش قسمت ہیں کہ انہیں کیپٹن (ر) ندیم ناصر جیسے قابل ڈپٹی کمشنر مل رہے ہیں۔ انہوں نے شہر کی خوبصورتی اور ترقی کے لیے قابلِ قدر اقدامات کیے، اللہ تعالیٰ انہیں نئی ذمہ داری میں بھی کامیاب کرے۔ سیکرٹری پریس کلب شوکت علی وٹو نے کہا کہ جو ڈپٹی کمشنر انصاف، میرٹ اور عوامی خدمت کو ترجیح دے، وہ شہر کی تقدیر بدل سکتا ہے۔ کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے پریس کلب اور صحافی برادری کے ساتھ ہمیشہ بھرپور تعاون کیا، جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ اس موقع پر سابق صدر پریس کلب مقبول احمد لودھی نے کہا کہ کیپٹن (ر) ندیم ناصر ایک مثبت سوچ رکھنے والے، باصلاحیت اور عوام دوست افسر ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ صحافیوں کا احترام کیا، ان کے مسائل سنے اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔ ایسے افسران اپنی بہترین کارکردگی کی بدولت ہمیشہ یاد رکھے جاتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ فیصل آباد کے صحافیوں کے تعاون پر دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی کسی صحافی کو غلط نہیں سمجھا بلکہ میڈیا کی نشاندہی کو اپنی اصلاح اور عوامی خدمت کا ذریعہ بنایا۔ میری کوشش رہی کہ ہر درخواست پر تحریری حکم جاری کیا جائے اور عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اپنے دورِ تعیناتی میں تقریباً 15 ہزار ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کرائی، مختلف محکموں میں 25 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے، پارکس میں لائبریریاں قائم کیں اور ہر فیصلے میں میرٹ کو مقدم رکھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج افسران کو عوام سے قریب رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے گروپ لیڈر شاہد علی کی جانب سے ڈیجیٹل نیوز چینل کے آغاز کو فیصل آباد کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے انہیں مبارکباد بھی پیش کی۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی جبکہ شرکاء نے ان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے نئی ذمہ داری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔



