چہلم حضرت امام حسینؓ کے سلسلہ میں فیصل آباد میں مجالس وجلوسوں کی تیاریاں، امین پور بازار کی صورتحال توجہ طلب


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے سلسلہ میں امام بارگاہ حیدریہ امین پور بازار فیصل آباد سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوس شبیہ ذوالجناح و علم مبارک کی تیاریاں جاری ہیں۔ سالانہ روایتی جلوس 23 اور 24 جولائی جمعرات و جمعہ کو بعد از مجلس عزاء دوپہر 2 بجے امام بارگاہ حیدریہ امین پور بازار سے برآمد ہوگا، جس میں ماتمی دستے بھی شریک ہوں گے۔جلوس اپنے قدیمی روایتی راستوں سے ہوتا ہوا رات 9 بجے مرکزی امام بارگاہ عزاخانہ شبیر حسین پورہ میں اختتام پذیر ہوگا۔ اس موقع پر شاعر اہلبیت سید عقیل محسن نقوی، علامہ سید حیدر حسین کاظمی اور دیگر ذاکرین مجالس عزاء سے خطاب کریں گے۔چہلم کے جلوس کے حوالے سے منتظمین کی جانب سے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے جبکہ عزاداران کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ جلوس کے روٹ کی تیاری اور دیگر انتظامات کے سلسلہ میں انتظامیہ سے بھی رابطے جاری ہیں۔دوسری جانب امین پور بازار میں ترقیاتی کاموں کے باعث جگہ جگہ کھدائی کے باعث شہریوں اور تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ چونکہ چہلم کا جلوس ہر سال کی طرح اسی روٹ سے برآمد ہونا ہے، اس لیے شہری حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جلوس سے قبل سڑکوں کی صورتحال بہتر بنانے، کھدائی مکمل کرنے یا متبادل انتظامات یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عزاداران، تاجروں اور شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ مذہبی و تاریخی جلوس کے روٹ کی بروقت بحالی انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے، اس لیے امید ہے کہ متعلقہ ادارے چہلم سے قبل صورتحال کا مناسب حل نکال لیں گے۔



