چلڈرن ہوم فیصل آباد میں بچوں کے تحفظ اور سلامتی پر ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈیپارٹمنٹ حکومتِ پنجاب کے زیرِ اہتمام، سوشل ویلفیئر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ لاہور اور کمیونٹی ورلڈ سروس ایشیا کے باہمی اشتراک سے چلڈرن ہوم فیصل آباد میں بچوں اور نگران عملے کے لیے "بچوں کا تحفظ اور سلامتی” کے عنوان سے ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کا مقصد اقوامِ متحدہ کے عالمی معاہدے کی روشنی میں عملے کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور بچوں کو تشدد و استحصال سے پاک ماحول فراہم کرنا تھا۔
تقریب میں پرنسپل سوشل ویلفیئر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ لاہور، زیب وسیم نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انقلابی وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا ہر بچہ ریاست کی ذمہ داری ہے اور انہیں بہترین تعلیم، صحت اور محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اسی طرح، سیکرٹری سوشل ویلفیئر سائرہ عمر کی واضح ہدایات کے مطابق بچوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور غفلت برتنے پر ‘زیرو ٹالرینس’ کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے عملے کی جدید تربیت اور اداروں میں نگرانی کا نظام مزید سخت کرنے پر زور دیا۔
ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر فیصل آباد، خالدہ رفیق نے اپنے خطاب میں کہا کہ "محفوظ بچے، مضبوط مستقبل” کے ہدف کے لیے عملے کی تربیت ناگزیر ہے۔ یہ تربیتی پروگرام صوبہ بھر میں پھیلایا جا رہا ہے۔ ورکشاپ میں سید سلیم عباس اور برہان نے بطور ماسٹر ٹرینرز فرائض سرانجام دیے، جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرہیڈ کوارٹر طیب بھٹی اوراسسٹنٹ ڈائریکٹر چلڈرن ہوم اسد سرفراز کھوکھر بھی شرکاء میں شامل تھے۔

