قومیکامرس

پاکستانی حکومت نے13 ہزار ٹن پیاز درآمد کرنے کے پرمٹ جاری کردئیے

اسلام آباد (94 نیوز) پاکستان میں سیلاب کے باعث فصل تباہ ہونے سے ملک میں پیاز کی قلت کے باعث حکومت نے پیاز اور ٹماٹر کی کمی دور کرنے کے لیے 13 ہزار ٹن پیاز درآمد کرنے کے لیے پرمٹ جاری کردیئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے پیاز کی درآمد کے لیے 13 ہزار ٹن کے درآمدی پرمٹ جاری کردیئے ہیں، امپورٹرز کی جانب سے متحدہ عرب امارات یو اے ای، ترکی، چین کی کمپنیوں سے درآمد کے معاہدے کیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 15 سے 20 دن میں پیاز کی درآمد شروع ہوجائے گی، امپورٹرز کی جانب سے ڈی پی پی سے امپورٹ پرمٹ لینے کا سلسلہ جاری ہے، دریں اثنا ایف بی آر نے قیمتوں کے استحکام کے لیے پیاز اور ٹماٹر کی درآمد پر 2ایس آر اوز جاری کر دئیے ہیں، پیاز اور ٹماٹر کی درآمد پر ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی مکمل چھوٹ دے دی گئی ہے۔

حالیہ سیلاب سے ملک بھر میں کھڑی فصلوں کو شدید نقصان سے مقامی منڈیوں میں پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جس پر وزیراعظم نے لوگوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے پیاز اور ٹماٹر کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیا ہے جس کے بعد ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی چھوٹ سے پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔

وفاقی حکومت کی ہدایت پر ایف بی آر نے ٹماٹر اور پیاز کی درآمد پر 31 دسمبر، 2022ء تک تمام ٹیکسز اور ڈیوٹیز سے استثنی دے دیا ہے۔ اس سے پہلے ایف بی آر نے ان تمام اشیاء پر ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی چھوٹ دے دی ہے جن کی تصدیق این ڈی ایم اے یا پی ڈی ایم اے کرے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button