ایران کا دبئی میں امریکی افواج کی مدد کے لیے استعمال ہونےوالے یوکرین کے اینٹی ڈرون سسٹم کے ڈپو کو تباہ کرنے کا دعویٰ


تہران (94 نیوز) ایران نے متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں امریکی فوج کے ٹھکانوں پر میزائل اور ڈرون حملوں سمیت یوکرین کے اینٹی ڈرون سسٹم کے ڈپو کو بھی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق دبئی میں واقع اس ڈپو کو امریکی افواج کی مدد کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
ایران کی نیوز ایجنسی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے دبئی میں دو مقامات پر امریکی فوج کے ٹھکانوں کو میزائل اور ڈرونز سے نشانہ بنایا ہے۔خاتم الانبیاء ہیڈ کوارٹر کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری کا کہنا ہے کہ ایرانی فورسز نے جن دو مقامات کو نشانہ بنایا وہاں 500 سے زیادہ امریکی اہلکاروں نے ایرانی میزائلوں اور ڈرونز حملوں سے بچنے کے لیے پناہ لے رکھی تھی۔امریکی فوج ایران کے حملوں اور اپنے اڈوں کی تباہی کے بعد اب دوسرے مقامات پر پناہ لینے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دبئی میں حملوں کے دوران اس ڈپو کو بھی نشانہ بنایا گیا جہاں یوکرین کے اینٹی ڈرون سسٹمز موجود تھے۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق حملے کے نتیجے میں گودام مکمل طور پر تباہ ہوگیا، جب کہ موقع پر موجود 21 یوکرینی اہلکاروں کی ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ کارروائی پاسدارانِ انقلاب کی فضائی اور بحری فورس نے مشترکہ طور پر انجام دی۔



