قومی

پنجاب حکومت کی نئی انٹرن شپ کا اعلان، گریجویٹس کے لیے 60 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ

لاہور(94 نیوز) وزیرِ اعلیٰ پنجاب کلائمیٹ لیڈرشپ انٹرن شپ پروگرام کے دوسرے فیز کا آغاز کر دیا گیا ، جس میں نواجوانوں کو ماہانہ 60 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔

حکومتِ پنجاب نے "سی ایم پنجاب کلائمیٹ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام” (فیز II، بیچ II) کے لیے آن لائن درخواستوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ محکمہ تحفظِ ماحول و ماحولیاتی تبدیلی پنجاب کے زیرِ اہتمام شروع کیے جانے والے اس تین ماہ کے پروگرام کے لیے منتخب انٹرنز کو 60,000 روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

اس پروگرام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو ‘کلائمیٹ وارئیرز’ کے طور پر تربیت دینا ہے تاکہ وہ ماحولیاتی گورننس اور پالیسی سازی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ اس انٹرن شپ پروگرام میں 50 فیصد نشستیں طالبات کے لیے مخصوص کی گئی ہیں، جو ماحولیاتی قیادت میں خواتین کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔ انٹرن شپ کے دوران منتخب امیدواروں کو ڈسٹرکٹ وائز فیلڈ لرننگ، لرننگ مینجمنٹ سسٹم تک رسائی، ای پی اے کے فیلڈ دفاتر کا دورہ، کیپسٹن پروجیکٹس، یو این ایف سی سی س سے متعلقہ سرٹیفیکیشن اور ماہرین کی نگرانی میں کام کرنے کا موقع ملے گا۔

اہلیت کا معیار

عمر کی حد: درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ تک امیدوار کی عمر 20 سے 27 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔

تعلیمی قابلیت: کم از کم بیچلر ڈگری، جس میں کم از کم 75 فیصد نمبر یا 3.0/4.0 CGPA ہونا لازمی ہے۔

یہ پروگرام انوائرمنٹل سائنسز، انجینئرنگ، بزنس، کمپیوٹر سائنس، جی آئی ایس ، سوشل سائنسز، پبلک پالیسی، اکنامکس، میڈیا اسٹڈیز، جرنلزم اور لا کے گریجویٹس کے لیے کھلا ہے۔

درخواست دینے کا طریقہ اور آخری تاریخ

خواہشمند اور اہل امیدوار ای پی اے پنجاب کے آفیشل پورٹل پر جا کر آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں، امیدواروں کو پورٹل پر اپنا اکاؤنٹ بنا کر تعلیمی اسناد، شناختی کارڈ اور ڈومیسائل اپ لوڈ کرنا ہوگا، آن لائن درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 18 جولائی 2026 ہے اور مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button